پاکستان اور چین کی منزل مشترکہ ہے ، سی پیک کیخلاف عناصر کے عزائم کبھی پورے نہیں ہونگے، ہر رکاوٹ عبور کر کے سی پیک کو مکمل کرینگے ، سی پیک امن ، خوشحالی ، ترقی اور بھائی چارے کا باعث بنے گا، سی پیک ہمیشہ کیلئے ہے اور ہمیشہ کیلئے رہے گا،میٹروٹرین کیلئے چین نے فنڈز کی دوسری قسط بھی جاری کر دی ہے

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی چینی صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو وزیر اعلیٰ پنجاب کی کیمونسٹ پارٹی کی 95 ویں سالگرہ پر چینی حکام اور صحافیوں کو مبارکباد

جمعرات 30 جون 2016 18:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے وفدنے ملاقات کی، وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 95 ویں سالگرہ پر چینی حکومت،قیادت ،عوام اور صحافیوں کو مبارکباد دی،وزیر اعلیٰ نے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال رشتوں میں بندھی ہوئی ہے -کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ او رپاکستان مسلم لیگ (ن) کے مابین تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں - چین کی عظیم قیادت کے باعث چین نے انتہائی تیز رفتار ترقی کی منازل طے کی ہیں - چین کی لیڈر شپ نے اپنے ملک کو ایک ویژن پر عمل کرتے ہوئے ترقی یافتہ اور خوشحال بنایا ہے اوریہی وجہ ہے کہ چین آج دنیا کی دوسری بڑی معاشی قوت بن چکا ہے- چین کی قیادت اور عوام نے انتھک محنت،جدوجہد اور انفرادیت کے ذریعے پوری دنیا میں اپنا غیر معمولی مقام پیدا کیا ہے اورآج کی دنیا چین کے بغیر رہنے کا تصوربھی نہیں کر سکتی- چین کے صدرشی جن پنگ نے’’ون بیلٹ ون روڈ ‘‘کا ویژن دے کر ایک نئی سمت مقرر کی ہے اوریہ ویژن ترقی،خوشحالی،امن،رواداری،برداشت اور بھائی چارے کاویژن ہے - انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی جدوجہد سے چین نے کامیابی کی داستانیں رقم کی ہیں جو کہ پوری دنیا کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں -چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی پیک چین کی قیادت اور عوام کا پاکستان کیلئے عظیم تحفہ ہے اورسی پیک کے تحت پاکستان اور چین میں بے مثال شراکت داری قائم ہوئی ہے جوکہ ہر آنے والے دن نئی سمت طے کرتے ہوئے تیزی سے آگے کی جانب بڑھ رہی ہے - سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی تاریخ کا دھارا بدل دے گا اورسی پیک سے نہ صرف پاکستان اورچین کی نسلیں فائدہ اٹھائیں گی بلکہ خطے کی بہت بڑی آبادی مستفید ہوگی-انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان سرمایہ کاری پیکیج کے تحت ایسے عظیم مواقع پیدا ہوں گے جس سے پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو گا- چین نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کو 46 ارب ڈالر کا تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج دے کر ایک عظیم احسان کیا ہے -پاکستان چین کا یہ احسان عظیم کبھی فراموش نہیں کر سکتا - سی پیک چین کی قیادت اور عوام کے دلوں سے موجزن ہوا ہے اور آج یہ بے مثال پیکیج پاکستان کی قیادت اور عوام کے دلوں کو چھو رہا ہے - سی پیک ہمیشہ کیلئے ہے اور ہمیشہ کیلئے رہے گا- سی پیک نے پاکستان میں نئی تاریخ رقم کی ہے اور جب توانائی ، انفراسٹرکچر اور دیگر منصوبے سی پیک کے تحت مکمل ہوں گے تو دوبارہ نئی تاریخ لکھی جائے گی کیونکہ تاریخ نے اتنی تیزرفتاری سے منصوبوں پرکام ہوتے ہوئے نہیں دیکھا اوریہ شاندار لمحات قوموں کی تاریخ میں محنت ،دیانت،امانت اور جہدمسلسل پر عمل پیرا ہونے سے آتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت پاکستان بھر میں سی پیک کے تحت توانائی منصوبوں پر انتہائی تیز رفتاری سے کام جاری ہے اورتوانائی کے یہ منصوبے مقررہ مدت سے قبل مکمل ہوں گے - چین میں بھی توانائی کے اتنے بڑے منصوبے اتنی جلدی مکمل نہیں ہوئے جتنی جلدی پاکستان میں ہوں گے- لاہور اورنج لائن میٹر و ٹرین کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ میٹروٹرین کا منصوبہ چین کا پاکستان کے عوام کیلئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے اوراس منصوبے کیلئے تمام تر سرمایہ کاری چین نے کی ہے -لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے چین نے فنڈز کی دوسری قسط بھی جاری کر دی ہے اور ہم چینی قیادت اور ایگزم بنک آف چائنہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے بعض مسائل کے باوجودفنڈز فراہم کئے ہیں-وزیر اعلیٰ نے چینی صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت سی پیک کے راستے میں آنے والے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں-چند مخالف عناصر سی پیک کو حقیقت کا روپ دھارتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے لیکن ان کے عزائم پورے نہیں ہوں گے- انہوں نے کہا کہ ہر رکاوٹ عبور کر کے سی پیک کو مکمل کریں گے -سی پیک امن ، خوشحالی ، ترقی اور بھائی چارے کا باعث بنے گا-پاکستان اور چین کی منزل مشترکہ ہے اور اس مشترکہ منزل کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی- وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے چینی زبان سکھانے کیلئے طلباء و طالبات کا پہلا بیج چین بھجوایا ہے،پاکستانی طلباوطالبات کا دوسرا بیج چینی زبان سیکھنے جلد چین جائے گا۔

پاکستان واپس آکر یہ طلبا وطالبات سی پیک کے بہت بڑے سپورٹرز بنیں گے، چین کے قونصل جنرل یو بورن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف چین کے انتہائی مخلص اور دیرینہ دوست ہیں ،پاکستان اور چین کی دوستی کو مضبوط بنانے میں شہباز شریف نے نمایاں کردار ادا کیا ہے -سی پیک کے منصوبوں کو وزیر اعلیٰ شہباز شریف ذاتی دلچسپی سے آگے بڑھا رہے ہیں ،پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں پر غیر معمولی رفتار سے کام ہو رہا ہے،انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، چین اور پاکستان کی منزل ایک ہے -چینی صحافیوں نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحت یابی پر وزیر اعلیٰ کو مبارکباد دی-چین کے قونصل جنرل یو بورن ، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری ، وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب خالد شاہین بٹ، انسپکٹر جنرل پولیس ، مینجنگ ڈائریکٹر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پاکستان کے معروف اینکرز ، کالم نگار ، صحافی اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔