چین کے معروف ٹی وی چینل سی سی ٹی وی کو پاکستان میں لینڈنگ رائٹس دیدیئے گئے

پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات ہیں ،معلومات میڈیا اور ثقافتی تبادلے اقتصادی راہداری کا حصہ ہیں ، پی ٹی وی فاؤنڈیشن اور سی سی ٹی وی کے درمیان معاہدے کے تحت خبروں اور دستاویزی فلموں کا تبادلہ ہوگا، سیکرٹری اطلاعات سی سی ٹی وی کی پاکستان میں نشریات سے دونوں ممالک کے ثقافتی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، چیئرمین پیمرا

جمعرات 30 جون 2016 18:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء) چین کے معروف ٹی وی چینل سی سی ٹی وی کو پاکستان میں لینڈنگ رائٹس دے دیئے گئے اس حوالے سے جمعرات کو یہاں پیمرا ہیڈکوارٹرزمیں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان میں متعین چینی سفیر سن ویڈونگ ، سیکرٹری اطلاعات ونشریات عمران گردیزی ،چیئرمین پیمرا ابصار عالم اور دیگر نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کے دوران سی سی ٹی وی کو لینڈنگ رائٹس ملنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ ثقافت،زبان اور عوامی رابطے پاکستان ،چین اوردونوں قوموں کو مزید قریب لائیں گے سن وی ڈونگ نے کہا کہ سی سی ٹی وی نیوز کے لینڈنگ رائٹس کی اجازت پر خوشی ہے،چین کے صدر کے دورے میں سی سی ٹی وی سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے،سی سی ٹی وی نیوز انگلش نیوز چینل کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے،سی سی ٹی وی خاص طور پر ایشین پروڈکشن کو اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصوبے پر دونوں جانب کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا نے معاہدے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیاہے،2014کے دورہ چین میں اس معاہدے پر پی ٹی وی نے دستخط کئے تھے،سی سی ٹی وی کو پاکستان میں لینڈنگ رائٹس ملنا قیادت کا ایک دوسرے پر اعتماد کا مظہر ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ ہم پاکستان میں دوستی ریڈیو کا آغاز پہلے ہی کرچکے ہیں،چاہتے ہیں کہ پاکستانی عوام چین اور اس کے عوام کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں،ثقافت،زبان اور عوامی رابطے دو قوموں اور ملکوں کو مزید قریب لائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات عمران گردیزی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات ہیں،اقتصادی راہداری دونوں ممالک کیلئے وسیع البنیاد فائدے رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چین سے پاکستان کے تاریخی تعلقات ہیں۔موجودہ قیادت نے تعلقات کو مزید بلندیوں پر پہنچایا ہے۔سی پیک سے نہ صرف پاکستان کو بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ دوستی چینل کامیابی سے چل رہا۔

آج کا دن تاریخی ہے۔ سی سی ٹی وی چینل کی پاکستان میں نشریات سے لوگوں کی معلومات میں اضافہ ہوگاسی سی ٹی وی نیوز اور ڈاکومنٹری کو رائٹس دیئے گئے ہیں۔عمران گردیز ی نے کہاکہ معلومات میڈیا اور ثقافتی تبادلے اقتصادی راہداری کا حصہ ہیں،سی سی ٹی وی کو لینڈنگ رائٹس دیناایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے یہ معاہدہ پی ٹی وی فاؤنڈیشن اور سی سی ٹی وی کے درمیان ہوا ہے،معاہدے سے دونوں جانب نیوز اور دستاویزی فلموں کا تبادلہ ہوگا۔

جبکہ اس موقع پر اپنے خطاب میں چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہاکہ پاکستان میں ین کے سی سی ٹی وی چینل کو لینڈنگ لائسنس دیئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چین معاشی سپر پاور ہے اوردونوں ملکوں کی دوستی مثالی ہے۔انہوں نے کہاکہ سی سی ٹی وی کی پاکستان میں نشریات شروع ہونے سے دونوں ممالک کے ثقافتی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی

متعلقہ عنوان :