صوفی میوزیکل انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ارکان کی امجد صابری کے اہل خانہ سے ملاقات

صابری فیملی کا دنیا میں ایک نام ہے، جس نے قوالی میں پاکستان کا نام روشن کیاہے ،فنکاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا ،نثار کھوڑو کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 30 جون 2016 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری کی جانب سے امجد صابری صوفی میوزیکل انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ارکان نے جمعرات کو صابری ہاؤس میں امجد صابری شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی ہے ۔کمیٹی کے ارکان میں سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو ،شرمیلا فاروقی اور ڈاکٹرعبدالقیوم سومرو شامل ہیں ۔

وزارتی کمیٹی نے معروف قوال امجد صابری کے نام سے انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے متعلق ان کے اہل خانہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ صابری فیملی کا دنیا میں ایک نام ہے، جس نے قوالی میں پاکستان کا نام روشن کیاہے ۔کراچی میں امجد صابری صوفی میوزیکل انسٹی ٹیوٹ بنانے جارہے ہیں،جس کے ذریعہ صوفی میوزک قوالی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیرتک صابری فیملی کے افراد انسٹیوٹ سے متعلق اپنی تجاویز حکومت کو دیں گے، جس کی روشنی میں فیصلے کئے جائیں گے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ فنکاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور اس ضمن میں ہماری ان سے بات چیت ہورہی ہے۔ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت امجد صابری کے نام سے ایک بڑا انسٹی ٹیوٹ بنانے جارہی ہے ،جو ملک میں ایک مثالی ادارہ ہوگا۔ڈاکٹرقیوم سومرو نے کہا کہ امجد صابری صوفی میوزیکل انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد بلاول بھٹوزرداری خود رکھیں گے۔