جمعیت علماء اسلام کے وفد کی علامہ راشد محمود سومرو کی سربراہی میں امجد صابری کے گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت

امجد صابری کے قتل میں ملوث لوگ ملک دشمن ہیں ۔یہ قاتل اﷲ کے بندے نہیں بلکہ شیطان کے بندے ہیں،راشد محمود سومرو کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 30 جون 2016 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جون ۔2016ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشد محمود سومرو اور قار ی محمد عثما ن کی سربراہی میں ایک وفد نے جمعرات کو معروف قوال امجد صابری کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور مرحوم کے اہل خانہ کے لیے ایصال ثواب کے لیے دعا کی ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر یہاں آئے ہیں ۔

ہماری جماعت اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ واقعہ ان سازشوں کا حصہ ہے جو ملک کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں ۔امجد صابری کے قتل میں ملوث لوگ ملک دشمن ہیں ۔یہ قاتل اﷲ کے بندے نہیں بلکہ شیطان کے بندے ہیں ۔ہم انہیں مسلمان بھی نہیں مانتے ہیں ۔علامہ راشد محمود سومرو نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ امجد صابری کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔