پاکستان کو آج بھی عبدالستار ایدھی کی ضرورت ہے، چیف جسٹس آف پاکستان

دعا ہے اﷲ تعالی عبدالستار ایدھی کو جلد صحت یاب کرے تاکہ وہ دوبارہ لوگوں کی خدمت کریں، جسٹس انورظہیر جمالی

جمعرات 30 جون 2016 17:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جون ۔2016ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہاہے کہ عبدالستار ایدھی نے انسانیت کی جو خدمت کی اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی ہمیں آج بھی ان کی ضرورت ہے ۔جمعرات کو چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی نے کراچی میں ایدھی ہوم کھارادر کا دورہ کیا اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی کی عیادت کی۔

(جاری ہے)

اس دوران چیف جسٹس نے عبدالستار ایدھی بلقیس ایدھی اور صاحبزادے فیصل ایدھی سے ان کی صحت سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے انسانیت کی جو خدمت کی اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی پاکستان کو آج بھی ایدھی کی ضرورت ہے۔ اﷲ تعالی عبدالستار ایدھی کو جلد صحت یاب کرے تاکہ وہ دوبارہ لوگوں کی خدمت کریں۔واضح رہے کہ عبدالستارایدھی گردوں کے مرض میں مبتلا ہیں۔