وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں میرٹ کے برعکس336 افراد کو قواعدوضوابط سے ہٹ کر بھرتی کرنے کا انکشاف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 30 جون 2016 17:42

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں میرٹ کے برعکس336 افراد کو قواعدوضوابط سے ہٹ کر ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30جون۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب سیکرٹریٹ میں میرٹ کے برعکس336 افراد کو قواعدوضوابط سے ہٹ کر بھرتی کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو نظراندازکرکے اپنے خصوصی اختیارات کااستعمال کیا اورمن پسند افراد کونواز ا۔وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے گزشتہ پانچ سال کے دوران مختلف مواقع پربھرتی کے قوانین میں نرمی کرکے 336 من پسند افراد بھرتی کرلیے۔

ایک من پسند چہیتے کونوازنے کےلئے اسسٹنٹ کنٹرولر کی نئی سیٹ نکالی گئی، پھر اس سیٹ کو پبلک سروس کمیشن کے دائرہ اختیار سے بھی نکال لیا گیا اور بعد ازاں اس سیٹ کے لیے اردو کے دو اخباروں میں اشتہارات بھی دیے گئے ، دوسری جانب تعلیمی میرٹ بھی وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے خود ہی بنا لیا گیا، 40 امیدواربلائے 39 کو انٹرویو میں فیل کردیا۔

(جاری ہے)

من پسند چہیتے کو نوکری دینے کے لیے باقی امیدواروں کو غیر متعلقہ تجربہ کی مد میں فیل کیا گیا، جبکہ اپنے منظور نظرشخص کوانٹرویو میں پانچ میں سے چارنمبر دے کر نوکری کے لیے اہل قرار دے دیا۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے معیار پر پورا اترنے والے اس امیدوار کا نام مجاہد علی ہے جس کی تعلیمی قابلیت محض بی کام ہے جبکہ اس پوسٹ کے لیے کئی اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کو مسترد کردیا گیا اور مجاہد علی کو محض ایک بڑے ہوٹل میں تین ماہ کا ٹرینی ویٹر کا تجربہ ہونے کی بنا پر گریڈ 16 میں پانچ سال کے لئے براہ راست بھرتی کرلیا گیا۔