امریکا کی افغا ن پالیسی کی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان نہیں اوباما انتظامیہ ہے: سینیٹر جان مکین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 30 جون 2016 17:20

امریکا کی افغا ن پالیسی کی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان نہیں اوباما انتظامیہ ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30جون۔2016ء) امریکی سینٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان مکین نے افغانستان کے حالات کا ذمہ دار پاکستان یا افغانستان کو نہیں ٹھہرایا جاسکتا ، اوباما انتظامیہ امریکی پالیسی کی ناکامی ذمہ دارہے-نجی ٹی وی سے انٹرویومیں جان مکین نے کہا کہ افغانستان کے حالات کی ذمہ داری پاکستان یا اشرف غنی کی نہیں بلکہ امریکی پالیسی کی ناکامی کی ذمہ داری اوباما انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے صدر اوباما کو ایک ناکام لیڈرقراردیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بنیادی طور پر اہم ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات پہلے سے بہتر ہیں تاہم افغانستان میں داعش کے منظر عام پر آنے کے بعد یہ تعلقات اور بھی زیادہ حساس ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ملکوں کے درمیان مسائل بائیکاٹ سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل کیے جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نیوکلیئرسپلائرگروپ میں پاکستان کی شمولیت پر بھارت کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات سب کے مفاد میں ہیں۔ سینیٹر جان مکین کا کہنا ہے کہ جرمنی ، جاپان اور کوریا کی طرح افغانستان میں بھی امریکی فوج کی مستقل موجودگی مددگار ہوگی۔ سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کے حوالے سے سینیٹر جان مکین نے بتایا ملاقات سابق صدر کی خواہش پر ہوئی۔ انہوں نے کہا نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوسکی تاہم وہ ان کی اچھی صحت کے لیے دعا گو ہیں۔ جان مکین نے کہا وہ جلد ہی جنرل راحیل شریف سے ملاقات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :