یوم القدس، جمعتہ الوداع ، چاند رات اور عید الفطر کے مواقع پر ٹریفک/ تجاوزات کے مسائل کے حل کیلئے ایکشن پلان تیار

جمعرات 30 جون 2016 16:36

سرگودھا۔30 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جون۔2016ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسرسرگودہا ثاقب منا ن نے کہا ہے کہ یوم القدس جمعتہ الوداع ، چاند رات اور عید الفطر کے مواقع پر شہریوں کے جان ومال کی حفاظت ، مساجد اور دیگر مذہبی عبادتگاہوں کے ارد گرد صفائی ، ٹریفک اور تجاوزات کے مسائل کے حل کیلئے ایکشن پلان تیار کر لیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو اپنی عبادات کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اوروہ پر امن اور خوشگوار ما حول میں عبادات کی ادائیگی کر سکیں۔

وہ آج ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔اجلاس میں ڈی پی اوکیپٹن ریٹائرڈ سہیل احمد چوہدری، اورڈی او سی الطاف حسین انصاری کے علاوہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، انجمن شہریان ، ٹی ایم؛ ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اور سیکورٹی کیلئے فول پروف انظامات کئے جارہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں رمضان المبارک کے مہینہ میں ملک بھرکی طرح ضلع سرگودہا میں بھی امن عامہ کی صورتحال مثالی رہی کہیں کوئی ناخوشتگوار واقعہ پیش نہیں آیا علمائے کرام ، شہریوں ، تاجروں اور میڈیا کا تعاون قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کی جمعتہ الوداع ،محافل شبینہ ، یوم القدس ، چاندرات اور عید الفطر کے اجتماعات کی سیکورٹی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ریڈ الرٹ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ بھی بھر پور تعاون جاری رکھیں۔انہوں نے شہریوں اور علمائے کرام کی تجاویز پر شہر بھر میں صفائی سیوریج ، ٹریفک کے ‘ مسائل اور دیگر معا ملات کے حل کیلئے ٹی ایم اے ، ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے ٹی ایم اے کو سیوریج کے مسائل کے حل کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کے ذریعے شہر کے سیوریج کے مسائل کے حل پر فوکس کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے محکمہ ہیلتھ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈی ایچ کیو اور دیگر ہسپتالوں میں انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات کی اورایمر جنسی 1122، سول ڈیفنس اور ٹریفک پولیس کو ایمر جنسی کی صورت میں اپنے سٹاف کو الرٹ رکھنے کی ضرور ت پر زور دیا ۔ اجلا س سے ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ سہیل احمد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے امن وامان کی مثالی صورتحال کے قیام میں شہریوں ‘ تاجر برادری او رمذہبی تنظیموں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یہ تعاون آئندہ بھی قائم رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ اگلاہفتہ سیکورٹی او رامن عامہ کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس ہفتے کے دوران جمعتہ المبارک ‘ یوم القدس ‘ چاند رات ‘ عید الفطر اور محافل شبینہ کی تقاریب منعقد ہوں گی ۔انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کر لئے ہیں۔ عید اور جمعتہ الوداع سمیت دیگر اجتماعات اور محافل سیکورٹی کیلئے اپنی انتظامیہ کے ذریعے سیکورٹی کو فول پروف بنانے اورآنے جانے والے پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ۔

اجلاس میں علمائے کرام او رمعززین شہر نے انتظامیہ کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے مزید بہتری کیلئے تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں شاہین احسان مغل ‘ بھائی عبدالرحمن ‘ قاری عبدالوحید‘ میاں عبدالجبار ‘ محمد عرفان بٹ ‘ قاری احمد علی ندیم ‘ احمد مسعود زاہدی ایڈووکیٹ ‘ مولاناقاضی نگاہ مصطفی ‘ مفتی طاہر مسعود ‘ پیر جاوید قادری ‘ ریاست علی فیروزی ‘ ڈی ایس پی ٹریفک اور اے سی سرگودہا ‘ سیکورٹی انسپکٹر کے علاوہ ٹی ایم اے ‘ سول ڈیفنس ‘ایمر جنسی 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :