قومی احتساب بیورو کے ڈپٹی چیئرمین محمد امتیاز تاجور کی آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں انسداد بدعنوانی سے متعلق عالمی کانفرنس کے موقع پر انسداد بدعنوانی کے بارے میں سری لنکا اور مراکش کے وزا محمد صلوئی سے ملاقاتیں

جمعرات 30 جون 2016 16:09

اسلام آباد ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جون۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈپٹی چیئرمین محمد امتیاز تاجور نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں انسداد بدعنوانی سے متعلق عالمی کانفرنس کے موقع پر انسداد بدعنوانی کے بارے میں سری لنکا کے وزیر دیانی مینڈس، مراکش کے وزیر برائے انسداد بدعنوانی محمد صلوئی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں نیب کی گزشتہ دو سال کی کارکردگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے اس سے ترقیاتی منصوبے تاخیر کے شکار ہوتے ہیں اور قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ نیب انسداد بدعنوانی کے اعلیٰ ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے جو آگاہی تدارک اور قانون پر عمل درآمد کے ذریعے اپنا قومی فرض ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

نیب قومی احتساب آرڈیننس 1999ء کے تحت کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بلاتفریق بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر موثر طریقے سے اس برائی کے خاتمے کے لئے جامع طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے وسل بلوئنگ ایکٹ کی منظوری دے دی ہے، اسے منظوری کے لئے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کے فروغ کے لئے بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے ہائرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ نیب نے نوجوانوں کو بدعنوانی سے آگاہ کرنے کے لئے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز میں 20ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں تیار کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے نیب کے علاقائی بیورو کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور نیب افسران کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لئے جامع معیاری گریڈنگ سسٹم وضع کیا ہے۔ اس گریڈنگ سسٹم کے تحت نیب کے علاقائی بیورو کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ معیاری گریڈنگ سسٹم کے تحت نیب کے علاقائی دفاتر کی سالانہ کارکردگی کا جنوری اور فروری 2016ء میں جائزہ لیا گیا اور تمام بیورز کو مستقبل میں ان کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے انہیں ان کی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو نے نیب راولپنڈی علاقائی بیورو میں پہلی فرانزک لیبارٹری قائم کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیے کی سہولت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی ہدایت پر نیب نے نگرانی اور جائزے کا جامع نظام مرتب کیا ہے جس میں شکایات جمع کرانے، شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائری ، انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن مرحلہ اورعلاقائی دفاتر اور ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا ریکارڈ جمع کرنے سمیت مقدمہ سے متعلق بریفنگ، فیصلے اور اس کے شرکاء کی فہرست اور وقت اور مقام کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو معیاری اور مقداری جائزے کے ذریعے سزا دینے کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے نیب اپنے افسران کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ملائشیاء کی طرز پراسلام آباد میں نیب کی انسداد بدعنوانی اکیڈمی کے قیام کا ارادہ رکھتا ہے مراکش اور سری لنکا کے وزراء نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں قومی احتساب بیورو کی کارکردگی کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :