وزیراعظم نے وطن واپسی پر استقبالیہ تقریبات منسوخ کرنے کا حکم دیدیا

جمعرات 30 جون 2016 15:52

اسلام آباد /لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء ) وزیراعظم میاں نوازشریف نے وطن واپسی پرہونیوالی استقبالیہ تقریب کو منسوخ کرنے کا حکم دیدیا ۔جمعرات کو وزیراعظم نوازشریف نے کارکنان اور عوام کے نام پیغام میں کہا کہ میرے علم میں یے بات آئی ہے کہ میری وطن واپسی کے موقع پر آپ ایک بڑے استقبالیہ پروگرام کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

مجھے آپ کی محبت اورخلوص کا پوری طرح اندازہ ہے۔ میں نے اپنے آپریشن کے حوالے سے بھی آپ کی اْس محبت اور خلوص کا ایسا مثالی مظاہرہ دیکھا ہے جو میرے لئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ آپ کی انہی دعاوٴں کی قبولیت اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے میرے حساس آپریشن کا مرحلہ بخیروخوبی مکمل ہوا اور میری صحت تسلی بخش طور پر بحال ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

آپ کی یہ محبت میرا اور میری جماعت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔

اسی سے مجھے وطن عزیز کی خدمت کا عزم اور توانائی ملتی ہے۔ڈاکٹروں کی طرف سے حتمی اجازت ملتے ہی میں انشا اللہ بہت جلد آپ کے درمیان موجودہوں گا اور انشاء اللہ ہم ایک دوسرے کے شانہ بشانہ اور قدم بہ قدم پاکستان کی تعمیر و ترقی اور امن و خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کی محبت و خلوص سے بھرے جذبات و احساسات کے پورے احترام کے ساتھ میں آپ سے اپیل کرتاہوں کہ آپ میرے استقبال اور ایسی ہی دیگر تقریبات منسوخ کردیں۔

رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ختم ہورہا ہے۔ چند دنوں بعد عید آرہی ہے۔ آپ اپنی دینی اور تہذیبی روایات کے مطابق اس عظیم مذہبی تہوار کی تیاریاں کیجئے۔ حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات بھی ہم سب کے لئے رنج وغم کا باعث ہیں۔ عید مناتے وقت ان شہداء اور ان کے لواحقین کو دعاوٴں میں ضرور یاد رکھیے۔ میں ایک بار پھر آپ سب کا اپنی ماوٴں ،بہنوں، بیٹیوں، بزرگوں اور نوجوانوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے مجھے اپنی محبتوں اور دعاوٴں سے نوازا۔

متعلقہ عنوان :