30جون کے حوالے سے افغان مہاجرین کیخلاف کوئی کریک ڈاوٴن نہیں کیا جا رہا ‘خبریں بے بنیاد ہیں ‘ مشتاق غنی

جمعرات 30 جون 2016 15:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جون ۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات مشتاق غنی نے کہا ہے کہ 30جون کے حوالے سے افغان مہاجرین کیخلاف کوئی کریک ڈاوٴن نہیں کیا جا رہا ، اس حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں ، صرف شرپسند عناصر کے خلاف معمول کی کاروائیاں ہوتی ہیں جن میں اسلحہ بھی برآمد ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مہاجرین کے حوالے سے افغانستان کے ساتھ معاہدہ ہے ، ہم ان معاہدوں کا احترام کرتے ہیں ، 30 سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہے ہیں اب کی باعزت واپسی ہونی چاہیے ،مہاجرین کی واپسی کے لئے ہر طرح کا تعاون کرنے کو تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 50فیصد افغان مہاجرین غیر قانونی طور پر مقیم ہیں ، سارا بوجھ ایک ہی صوبے پر ڈالا ہوا ہے ، ایک صوبے پر بوجھ نہ ڈالا جائے ، سب صوبوں میں مہاجر کیمپ بنائے جائیں اور ان مہاجرین کو تقسیم کیا جائے ، وفاق غیر رجسٹر مہاجرین کی رجسٹریشن کرے ۔ مشتاق غنی نے کہاکہ ہم پر اتنا ہی بوجھ ڈالا جائے جتنا ہم برداشت کر سکیں ۔ گزشتہ کئی سالوں سے سنتے آرہے ہیں کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے لئے دو سال کا وقت دیا جائے ،دو دو سال کر کے کئی سال گزر گئے لیکن واپسی نہیں ہوئی ،وفاق افغان مہاجرین کی جلد واپسی کے لئے اقدامات کرے ۔

متعلقہ عنوان :