پھلوں کے باغات لگانے سے قبل شروع کے چند سالوں تک جنتر کاشت کرنے کی ہدایت

جمعرات 30 جون 2016 14:35

فیصل آباد۔30 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جون۔2016ء)ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے باغبانوں کو مختلف پھلوں کے باغات لگانے سے قبل شروع کے چند سالوں تک جنتر کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ نئے لگائے جانیوالے باغات میں شروع کے چند سالوں میں جنتر کاشت کرنے سے پودوں پر گرمی کا اثر کم پڑتاہے اس لئے پودوں کی افزائش نسل بہتر ہوتی ہے اورانہیں شدید گرمی سے نقصان پہنچنے کااحتمال بھی کم سے کم ہو جاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ باغبانوں کو نرسری سے پودے خریدتے وقت جھاڑی دار پودوں کا چناؤ کرناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ گرمیوں کے موسم میں پھلدار پودوں کے تنوں کو نیلاتھوتھا اور چونے کا محلول ملا کر سفیدی کرنے سے گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھاجاسکتاہے کیونکہ اس طرح تنے کا چھلکا پھٹنے سے محفوظ رہتاہے ۔انہوں نے کہاکہ باغات کے ارد گرد باڑ کے طور پر لگائے ہوئے اونچے درختوں کی گھنی ہوا توڑ باڑیں بھی پودوں اور پھل کو گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھتی ہیں اس لئے ان ہوا توڑ باڑوں کی کانٹ چھانٹ نہ کریں۔