وزیراعظم کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے والی اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مانیں گی ,طلال چوہدری

جمعرات 30 جون 2016 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے والی اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مانیں گی۔ ایک انٹرویو انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنسز تو دائر کر دیئے ہیں اب انہیں چاہیے کہ وہ اپنے اس اقدام پر کھڑے رہیں اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کا انتظار کریں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کو مینڈیٹ دیا جائے کہ وہ پاناما پیپرز معاملے کی تحقیقات کیلئے ٹی او آرز مرتب کرے تاکہ تحقیقات کی جا سکیں، اس کے دائرہ کار میں یہ بھی شامل ہونا چاہیے کہ ان تمام کی تحقیقات ہونی چاہئیں جن کے نام پاناما پیپرز میں آئے ہیں خواہ وہ کوئی بھی ہو۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی وطن واپسی کے بارے میں سوال کے جواب میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ہارٹ سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور وطن واپسی کیلئے بے قرار ہیں لیکن حتمی فیصلہ ان کے ڈاکٹروں کی ہدایات پر ہی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک بھر کے امن و امان کی بہتر صورتحال کیلئے تمام صوبوں سے مل کر کام کر رہی ہے تاکہ لوگوں کو امن و امان کی بہتر صورتحال فراہم کی جا سکے اور انکے معیارزندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :