کوئٹہ، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی نصراﷲ زیرے کی یقین دہانی پر بیف اینڈ مٹن ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

بدھ 29 جون 2016 22:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 جون ۔2016ء) کوئٹہ میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی نصراﷲ زیرے کی یقین دہانی پر بیف اینڈ مٹن ایسوسی ایشن نے رات گئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا مرکزی انجمن تاجران کے بیان کے مطابق گزشتہ روز بیف اینڈ مٹن ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ کے ناروا رویہ اور چھاپوں کیخلاف ہڑتال کرنے کا اعلان کیا گیا اور گزشتہ روز پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی نصراﷲ زیرے کی قیادت میں وفد نے بیف اینڈ مٹن ایسوسی ایشن اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ سے ملاقات کی اور ملاقات کے دوران بیف اینڈ مٹن ایسوسی ایشن کے مطالبات تسلیم کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چھاپے نہ مارنے کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور آج سے چھوٹے اور بڑے گوشت کی فراہمی شروع کر دی جائے گی ماہ رمضان میں ہڑتال کے باعث روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔