اسحاق ڈار سے افغان سفیر عمر ذخیلوال کی ملاقات،خطے میں امن وترقی اوردونوں ملکوں کے عوام کی بہتری کیلئے ملکر کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ

طورخم فائرنگ جیسے واقعات سے بچنے کیلئے دونوں ملکوں کا قریبی رابطہ ضروری ہے، حضرت عمر ذخیلوال کا سرحدی واقعہ پر افسوس کااظہار

بدھ 29 جون 2016 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون۔۔2016ء) وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں افغانستان کے سفیر حضرت عمر ذخیلوال نے میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن وترقی اوردونوں ملکوں کے عوام کی بہتری کے لیے مل کر کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

افغان سفیر نے حال ہی میں پاک افغان سرحد طورخم پرہونے والے فائرنگ کے افسوس ناک واقعے پردکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے واقعات سے بچنے کے لیے دونوں ملکوں کا قریبی رابطہ ضروری ہے۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان برادر اسلامی ہمسایہ ملک کے ساتھ اقتصادی،تجارتی اورمواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر تمام معاملات حل کرنے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو علاقائی روابط کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے جس سے معاشی سرگرمیوں کے مواقع بڑھیں گے۔وزیرخزانہ نے پاک افغان سرحد پر نقل وحمل کوضابطے کے تحت کرنے کی ضرورت پرزوردیاجس سے تجارتی اوراقتصادی سرگرمیوں کو سہولت ملے گی۔

متعلقہ عنوان :