اگلے مالی سال میں محکمہ بلدیات کی جاری اور نئی 95سکیموں کو فنڈز جاری ہوگئے ہیں،17جاری اور 50نئی سکیموں کو مکمل فنڈز دیئے گئے ہیں۔کیپٹن (ر) نسیم نواز

بدھ 29 جون 2016 22:43

لاہور۔29 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جون ۔2016ء )صوبائی سیکرٹری بلدیات کیپٹن (ر) نسیم نواز نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ترقی پنجاب کے وژن کے مطابق محکمہ بلدیات کے تحت انفراسٹرکچر کی بہتری ،سڑکوں کی تعمیر ،سیوریج کے مسائل کے حل ،لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی ،پارکس کی تعمیر اور سٹریٹس لائٹس کی تنصیب کے منصوبے زیر تکمیل ہیں -ان میں اکثر منصوبے بہت جلد مکمل کر لئے جائیں گے -ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کوبہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی-انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں محکمہ بلدیات کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے تعمیراتی عمل کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-اس موقع پر محکمہ بلدیات کے دیگر اعلی افسران بھی موجو د تھے-سیکرٹری بلدیات نے کہا کہا کہ حکومت نے اگلے مالی سال 2016-17کیلئے بلدیات کی تمام 22جاری سکیموں کیلئے فنڈز مہیا کر دیئے گئے ہیں -ان میں 17سکیموں کو مکمل فنڈ مہیا کر دیئے گئے ہیں اب انہیں مزید فنڈز کی ضرورت نہیں پڑے گی جبکہ 73نئی سکیموں میں سے 50نئی سکیموں کو بھی مکمل فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں -انہو ں نے کہا کہ کل 95سکیموں میں 67سکیمیں مالی سال 2016-17میں مکمل ہو جائیں گی-