الیکشن کمیشن کے ریٹائرڈ ممبر کس قانون کے تحت بھاری مراعات لیتے رہے،2013 ء میں غیر آئینی الیکشن کمیشن کے خلاف لانگ مارچ کیا تھا ،آج ہمارے موقف کی توثیق ہورہی ہے ،ظالم نظام بدلنے کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کا ایم ایس ایم کے اجلاس سے خطاب

بدھ 29 جون 2016 22:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں اور اس کرپشن زدہ نظام کا حصہ حزب مخالف کی سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک غیر تحریری معاہدہ اور ریڈ لائن ہے جسے دونوں طرف سے کوئی عبور نہیں کرتا اور اگر کوئی تیسری عوامی قوت اس ریڈ لائن کی طرف بڑھے تو یہ سب آپس میں اکٹھے ہو جاتے ہیں،سانحہ ماڈل ٹاؤن ، 14 شہادتیں اور 80 سے زائد زخمی اس کا جیتا جاگتا ثبوت ہے،کرپشن کرنے والے حکومتوں میں بیٹھے ہیں اور کرپشن کے نظام کو تحفظ دے رہے ہیں،ٹی او آرز کمیٹی کا انجام آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے، موجودہ نظام کرپٹ حکمرانوں اور سیاستدانوں کا مشترکہ دسترخوان ہے۔

وہ گزشتہ روز ملک بھر سے آئے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ضلعی عہدیداروں سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ اور نوجوانوں کے امور کے انچارج تنویر خان، مرکزی صدر ایم ایس ایم چودھری عرفان یوسف، رانا تجمل، سردار اویس، یونس نوشاہی، میاں عنصر، حافظ ثمر عباس، ادریس چاچڑبھی موجود تھے۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے دھاندلی زدہ انتخابی نظام کے خلاف لانگ مارچ اور حکومتی مظالم کے خلاف انقلاب مارچ میں بھرپور حصہ لینے اور قربانیاں دینے پر یوتھ اور ایم ایس ایم کے نوجوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنوری 2013 ء میں غیر آئینی الیکشن کمیشن اور اس کے ممبرز کے غیر آئینی تقرر کے خلاف لانگ مارچ کیا تھا اور اس کیلئے سپریم کورٹ بھی گئے تھے مگر سٹیٹس کو اور دھاندلی زدہ نظام کی محافظ قوتیں ہمارے خلاف اکٹھی ہو گئی تھیں مگر آج تین سال کے بعد ملکی آئینی ادارے اور کمیٹیاں الیکشن کمیشن کے ممبرز کی غیر آئینی مراعات اور تنخواہوں پر سوال اٹھارہی ہیں جو ہمارے موقف کی تصدیق اور توثیق ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر آئینی الیکشن کمیشن کے غیر آئینی ممبرز کو خلاف ضابطہ بھاری تنخواہیں اور مراعات دے کر 2013 ء کے عام انتخابات کو خریدا گیا۔انہوں نے کہا کہ اب اس پر بھی انکوائری ہونی چاہیے کہ الیکشن کمیشن کے ریٹائرڈ ممبرز کو کس قانون اور ضابطے کے تحت اور کن خدمات کے صلے میں بھاری مراعات دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک انقلاب کی بات کرتی ہے اس لیے حکمران ہمارا گولیوں سے استقبال کرتے ہیں جبکہ اس ظالم نظام کا حصہ سیاسی جماعتیں آپس میں صرف لفظوں کی جنگ کرتی ہیں۔

اس مک مکا کے نظام نے ملک اور ادارے تباہ کر دئیے۔انہوں نے ایم ایس ایم کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جو انقلاب بھی آیا اس میں نوجوانوں نے مرکزی کردار ادا کیا۔تحریک پاکستان میں بھی نوجوان طلباء قائداعظمؒ کا ہر اول دستہ تھے۔ انقلاب ہمیشہ سوسائٹی کے پسے ہوئے طبقات لاتے ہیں ۔عوامی تحریک اور منہاج القرآن سے وابستہ غریب پڑھے لکھے مگر پرعزم نوجوان انقلاب کیلئے کوشاں ہیں اور ان کوششوں میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون بھی شامل ہو چکا ہے لہٰذا انقلاب اس دھرتی کا مقدر بن کررہے گا ۔

نوجوانوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی ،لٹیرے سلاخوں کے پیچھے اور اس ملک کے کسان ،مزدور ،خواتین اور نوجوان اپنی تقدیر کے خود مالک ہونگے۔ظلم کا سورج غروب ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن ایک علمی ،سیاسی اور بیداری شعور کی تحریک ہے۔یہ اعزاز اس تحریک کو حاصل ہے جس نے دھاندلی زدہ انتخابی نظام کو چیلنج کیا، دہشتگرد گروپوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کیا۔

موسموں کی حدت اور شدت کی پرواہ کیے بغیر لانگ مارچ کیے ،دھرنے دئیے اور اس ظالم نظام کو جڑ سے ہلا کر رکھ دیا اور اب اس گرتی ہوئی دیوار کو نوجوانوں کے آخری دھکے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم کے نوجوان انقلاب کی نوید ہیں۔انہی نوجوانوں کی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں ظالم اور قاتل حکمرانوں کے خلاف قتل کے مقدمات درج ہوئے ورنہ اس سے پہلے کوئی اس کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔ انشاء اﷲ تعالیٰ قاتل حکمرانوں کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آرز کا نتیجہ بھی نکلے گا۔