رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے مقامی ہوٹل میں سالانہ افطار ڈنرکا اہتمام

بدھ 29 جون 2016 22:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء ) رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے مقامی ہوٹل میں سالانہ افطار ڈنرکا اہتمام کیا گیا جس سے موتمر عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری راجہ محمد ظفر الحق ،معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصر ،ذوالفقار احمد چیمہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل ووکیشنل اینڈٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن پاکستان ،عبدالرشید ترابی امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر،ڈاکٹر عبدہ محمد عتین ریجنل ڈائریکٹر رابطہ عالم اسلامی ، ڈاکٹر ارشدخان اور حافظ مقصود احمد نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے موتمر عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین مثالی دوستانہ تعلقات ہیں ،جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سعودی حکومت نے مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے ، سیلاب ہو یا زلزلہ یا وطن عزیز کو کسی بھی قسم کی آفت کا سامنا ہو خادم الحرمین الشریفن نے ہماری ہر ممکن امداد کی ۔

جو قابل ستائش ہے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سعودی حکمران حقیقی معنوں میں پاکستان کے عوام سے محبت کرتے ہیں ،اور ان کی اس انس و محبت کا موزانہ ہم کسی دوسرے ملک سے نہیں کر سکتے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل ووکیشنل اینڈٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن پاکستان (Navttc) ذوالفقار احمدچیمہ نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی نے ہمیشہ مسلم اُمہ کی خدمت کی ہے ، سعودی عرب کو جب بھی پاکستان کی ضرورت پڑی تو ہماری افواج کے ساتھ ساتھ ہمارے عوام بھی اس مقدس سرزمین کی حفاظت کیلئے سعودی حکومت کے شانہ بشانہ ہوں گے ۔

ڈاکٹر عبدہ محمد عتین نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کااپنا تشخص ہے اور اُمہ کیلئے اس کا تاریخی اور مثالی کردار ہے ، اسلام کی ترویج و اشاعت کے ساتھ ساتھ یتیموں اور ناداروں کی سرپرستی اس تنظیم کا بنیادی مشن ہے جس کی تکمیل کیلئے یہ دن رات کوشاں ہے۔۔عبدالرشید ترابی امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر نے کہا کہ پاک سعودیہ تعلقات انتہائی مستحکم اور مضبوط ہیں ، ان میں کوئی دراڑیں نہیں ڈال سکتا ۔ خادم الحرمین الشریفین کی پاکستان کے عوام سے محبت روز روشن کی طرح عیاں ہے ۔ تقریب کے آخر میں افضل چیمہ مرحوم کی ادارے کی ترقی کیلئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی سربلندی کیلئے دعا کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :