محکمہ شہری دفاع کے رضاکاروں نے مون سون سیزن کے دوران کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال میں نشیبی علاقوں کے مکینوں کی مدد اور ان کے انخلاء کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم میں حصہ لیا

بدھ 29 جون 2016 21:47

راولپنڈی ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جون ۔2016ء) محکمہ شہری دفاع راولپنڈی کے رضاکاروں کی خصوصی ٹیموں نے مون سون سیزن کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی اور سیلابی صورتحال میں نشیبی علاقوں کے مکینوں کی مدد اور ان کے انخلاء کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم میں حصہ لیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس سنجیدہ خانم نے اس ضمن میں بتایا کہ محکمہ شہری دفاع کی مختلف ٹیموں نے ندیم کالونی، نالہ لئی کے اطراف میں موجود آبادیوں اور نشیبی علاقوں میں گھر گھر جا کر شہریوں میں سیلابی صورتحال میں لائحہ عمل اور احتیاطی اقدامات کے حوالے سے پمفلٹس تقسیم کئے اور ان علاقوں کے لوگوں کو زبانی طور پر بھی آگاہ کیا ۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ شہری دفاع کے زیر اہتمام منعقد ڈور ٹو ڈور آگاہی مہم میں نشیبی علاقوں کے مکینوں کو آگاہ کیا کہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال میں انہوں نے کیا کیا اقدامات کرنے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مہم کے دوران شہریوں کو ریلیف کیمپوں، زیادہ بارش کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے سلسلے میں آگاہی دی گئی ۔ ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس نے کہاہے کہ مون سون سیزن کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رضاکاروں نے امدادی کاموں، شہریوں کو سیلابی پانی سے بچانے اور انہیں بروقت الرٹ کرنے کے سلسلے میں اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔