محمد عامر اچھے باؤلر ، انگلینڈ کیخلاف سیریز میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے، شین وارن

بدھ 29 جون 2016 21:05

محمد عامر اچھے باؤلر ، انگلینڈ کیخلاف سیریز میں اپنی بہترین کارکردگی ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم لیگ اسپنر شین وارن کا ماننا ہے کہ محمد عامر اچھے باؤلر ہیں اور وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔محمدعامر لارڈز کرکٹ گرانڈ میں اگلے ماہ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کررہے ہیں۔ اسی مقام پر 6 سال قبل اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں ان پر 5 سال کے لیے کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

شین وارن کے مطابق 'عامر کا انگلینڈ میں اچھا استقبال ہوگا'۔نوجوان فاسٹ بالر نے پابندی کے اختتام پر گزشتہ سال ستمبر میں کرکٹ میں واپسی کی تھی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی بنیاد پر وہ قومی ٹیم میں شامل ہوئے۔انھوں نے رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے دورے میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی اور بہترین کارکردگی دکھائی تھی جس کے بعد انھیں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم میں منتخب کیا گیا جہاں انھوں نے ویرات کوہلی جیسے بلے باز کے خلاف تباہ کن بالنگ کر کے داد حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان کے انگلینڈ کے خلاف حالیہ دورے کے حوالے سے عامر بھی کافی پراعتماد نظر آتے ہیں۔حالیہ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں کی باؤلنگ شاندار ہے اور انگلینڈ کا موسم خراب ہے اس لیے گیند سیم ہوگی جو بلے بازوں کے لیے مشکل ہوگا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دورے کا پہلا ٹیسٹ میچ 14 جولائی کو شروع ہورہا ہے جبکہ دورے میں مجموعی طورپر 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :