عیدالفطر کی چھٹیوں میں ڈائلسز سینٹر ز خدمات سر انجام دیتے رہیں گے

سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات 24گھنٹے فراہم کرنے کی ہدایت

بدھ 29 جون 2016 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات خصوصا گردے کے مریضوں کو ڈائلسزسہولت فراہم کرنے کے لئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے کونٹی جینسی پلان مرتب کر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق تمام ہسپتالوں کے ڈائلسز یونٹس معمول کے مطابق گردے کے مریضوں کو ڈائلسز کی سہولت فراہم کریں گے -سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کے دفتر سے تحریری طور پر میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ، خود مختار میڈیکل انسٹی ٹیوشنز کے پرنسپلز ، سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے اداروں کے سربراہان اور تما م اضلاع کے ای ڈی او ز ہیلتھ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں - انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں کے دوران معقول انتظامات کریں -ڈاکٹرز ، نرسز اور دیگر سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر مرتب کریں اور ہسپتالوں میں عام مریضوں کو 24 گھنٹے علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ گردے کے مریضوں کو ڈائلسزکی سہولت فراہم کرنے کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں اوراس بارے راہنمائی کے لئے ہسپتال کی حدود میں سائن بورڈ بھی نصب کریں - محکمہ کی جانب سے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی -

متعلقہ عنوان :