پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کو منظم منصوبہ بندی کے تحت عدم استحکام سے دوچار کیا جارہا ہے‘ پروفیسر حافظ محمد سعید

ترکی میں ہونے والے بم دھماکے مسلم ممالک میں انتشار پیداکرنے کی بین الاقوامی سازشوں کا حصہ ہیں‘ داعش صلیبیوں و یہودیوں کی پیداوار ہے‘ مسلمان ملکوں میں اس فتنہ کو پروان چڑھانے کیلئے بے پناہ وسائل خرچ کئے جارہے ہیں‘ پاکستانی قوم ترک بھائیوں کے دکھ درد اور غم میں برابرکی شریک ہے‘بیان

بدھ 29 جون 2016 20:35

پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کو منظم منصوبہ بندی کے تحت عدم استحکام ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ترکی میں ہونے والے بم دھماکے مسلم ممالک میں انتشار پیداکرنے کی بین الاقوامی سازشوں کا حصہ ہیں۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کو منظم منصوبہ بندی کے تحت عدم استحکام سے دوچار کیا جارہا ہے۔ داعش صلیبیوں و یہودیوں کی پیداوار ہے۔

مسلمان ملکوں میں اس فتنہ کو پروان چڑھانے کیلئے بے پناہ وسائل خرچ کئے جارہے ہیں۔ پاکستانی قوم ترک بھائیوں کے دکھ درد اور غم میں برابرکی شریک ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادی طویل عرصہ سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی جیسے اسلامی ممالک کیخلاف خوفناک سازشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ کسی صورت انہیں مضبوط و مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے یہی وجہ ہے کہ جب سے سعودی عرب کی قیادت میں 34ملکی اتحاد قائم ہوا ہے عالمی قوتوں نے مسلمان ملکوں کیخلاف اندرونی و بیرونی سازشیں تیز کر دی ہیں اور بم دھماکوں و خودکش حملوں کے ذریعہ افراتفری پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ترکی عالم اسلام کا ایک اہم ملک ہے جو پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر مسلمان ملکوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ صیہونی و یہودی لابی کی پوری کوشش ہے کہ جس طرح پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتیں کی گئیں اور سعودی عرب میں خودکش حملے کروائے گئے اسی طرح ترکی میں بھی یہی کھیل کھیلا جائے تاکہ یہاں بھی امن و امان کی خراب صورتحال پیدا کر دی جائے اور ان ملکوں کو معاشی طور پر نقصانات سے دوچارکیا جائے۔

دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہاکہ پاکستان میں آپریشن ضرب عضب کے بعد دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ کر رہ گئی ہے۔ سعودی عرب میں بھی داعش کے فتنہ کو کچلنے میں زبردست کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ترکی میں بھی صلیبیوں ویہودیوں کی یہ سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی اورمسلمان ان شاء اﷲ دنیا کی مضبوط قوت بن کر ابھریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کو پوری دنیا پر بے نقاب کریں اور دشمنان اسلام کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے مسلمان ملکوں میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کیا جائے۔