وعدوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہے ، مسلم لیگ (ن)آزادکشمیر کے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کی مکمل پاسداری کرے گی اور اُن پر عمل یقینی بنائے گی ،اس کی وجہ سے ملک کے طول وعرض میں رہنے والے عوام نواز شریف سے محبت اور لگاؤ رکھتے ہیں

وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کی وفد سے گفتگو

بدھ 29 جون 2016 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء ) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہاہے کہ وعدوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہے جس کی وجہ سے ملک کے طول وعرض میں رہنے والے عوام محمدنواز شریف سے محبت اور لگاؤ رکھتے ہیں ۔ وہ بدھ کو تراڑ کھل سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے نمائندہ وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)آزادکشمیر کے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کی مکمل پاسداری کرے گی اور اُن پر عمل یقینی بنائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر حصوں میں مسلم لیگ (ن) کا ٹریک ریکارڈ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ یہ عوام سے کئے گئے وعدے ہمیشہ پورا کرتی ہے انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف آزادکشمیر سے ایک خصوصی لگاؤ اور محبت رکھتے ہیں اور آزادکشمیر کو ترقی یافتہ اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد برجیس طاہر نے مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے پارٹی ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر میں متحرک کرنے میں بڑا کلیدی کردار ادا کیا ہے اور آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں ہونے وا لے ورکرز کنونشنز کو بھر پور کامیاب کروایاہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ (ن) کے جذبے سے بھرپور کارکنوں کے باعث محمد نواز شریف کا وژن اور سوچ آزادکشمیر کے گھر گھرتک پہنچ چکا ہے جس کے باعث مسلم لیگ(ن) کی دوتہائی سے کامیابی یقینی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ محمد نواز شریف نے پاکستان کو ان تین سالوں میں بے شمار میگا پروجیکٹس دیے ہیں جن کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ محمدنواز شریف کا آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی سے متعلق ایک مخصوص نظریہ اور وژن ہے جس پر مرکز اور آزادکشمیر میں حکومتوں کی یکسوئی سے تیزی سے عمل ہوگا اور آزادکشمیر میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

وفد نے آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو متحرک کرنے میں چوہدری محمد برجیس طاہر کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ وہ بھی قائدمتحرم محمد نواز شریف کی طرح کشمیریوں سے بے پناہ پیار کرتے ہیں اور اُن کی تمام خوشیوں اور غم میں شریک ہوتے ہیں ۔ وفد نے کہا کہ یہ نواز شریف کی محبت اور خلوص کا نتیجہ ہے کہ آج دوسری سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افرادجوق در جوق مسلم لیگ (ن) میں داخل ہو رہے ہیں اور جیسے جیسے الیکشن کے دن نزدیک آرہے ہیں ایسے ہی مسلم لیگ (ن) کا جوش وجذبہ آسمان کو چھو رہا ہے اور مخالفین کے حوصلے پست ہورہے ہیں۔

وفدنے آزاد کشمیر کے الیکشن کے پرامن اور صاف و شفاف انعقاد کروانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ صاف و شفاف انتخابات کے نتیجے میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا قیام اب ایک خوشنما حقیقت کا روپ لے چکا ہے۔