کراچی سے ملتان آنے والی پی آئی اے کی پرواز مسافروں کا سامان لانا بھول گئی، سینکڑوں مسافر سراپا احتجاج

بدھ 29 جون 2016 20:28

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) پی آئی اے کی کراچی سے ملتان آنے والی پرواز مسافروں کا سامان کراچی ایئرپورٹ پر ہی چھوڑ آئی جس پر مسافروں نے ملتان ایئر پورٹ پر شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 330 کو کراچی سے ملتان آنا تھا، پرواز مسافروں کو تو ملتان لے آئی مگر سامان کراچی ہی چھوڑ آئی۔

(جاری ہے)

ملتان ایئر پورٹ پر آف لوڈ ہونے کے بعد مسافروں کو بتایا گیا کہ انکا سامان کراچی ہی رہ گیا ہے جس پر سینکڑوں مسافر سراپا احتجاج بن گئے اور پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان ایئر پورٹ پر مسافروں کا احتجاج دیکھ کر انتظامیہ نے مذاکرات کرنے کی کوشش بھی کی مگر مسافروں کا کہنا تھا کہ جب تک انکا سامان انکے حوالے نہیں کیا جاتا وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔