ملالہ یوسف زئی کروڑ پتی بن گئیں

ملالہ نے اپنی کتاب کی فروخت اور مختلف لیکچرز کے ذریعے 20 لاکھ پاؤنڈ سے زائد رقم کمالی ملالہ اور ان کے والدین سالار زئی لمیٹڈ کمپنی کے شیئر ہولڈرز میں شامل ہیں، گزشتہ برس اگست تک کمپنی کے بینک اکاؤنٹ میں 22 لاکھ پاؤنڈ موجود تھے، ڈیلی میل کی رپورٹ

بدھ 29 جون 2016 20:28

ملالہ یوسف زئی کروڑ پتی بن گئیں

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) لڑکیوں کی تعلیم کے لئے سرگرم نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی اور اس کے اہل خانہ بھی کروڑ پتی بن گئے، ملالہ نے اپنی کتاب کی فروخت اور مختلف لیکچرز کے ذریعے 20 لاکھ پاؤنڈ سے زائد رقم کمالی ۔برطانوی ویب سائٹ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ملالہ یوسف زئی کی سوانح عمری کے حقوق کے تحفظ کیلئے قائم کی جانے والی کمپنی سالار زئی لمیٹڈ کا ٹیکس ادائیگی سے قبل منافع 11 لاکھ پاؤنڈ بتایا گیا ہے ۔

ملالہ یوسف زئی اور ان کے والدین اس کمپنی کے شیئر ہولڈرز میں شامل ہیں اور گزشتہ برس اگست تک کمپنی کے بینک اکاؤنٹ میں 22 لاکھ پاؤنڈ موجود تھے۔سالار زئی کمپنی کا قیام 2013 میں عمل میں لایا گیا تھا اور یہ ملالہ فنڈ کا بھی انتظام سنبھالتی ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں لڑکیوں کی سیکنڈری تک بحفاظت تعلیم کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر مبنی تین برس قبل شائع ہونے والی ان کی کتاب 'آئی ایم ملالہ' کی بھی 18 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئی تھیں اور اس سے بھی ملالہ کو 20 لاکھ پاؤنڈ کی آمدنی ہوئی۔

واضح رہے کہ جب ملالہ یوسف زئی کی عمر 10 برس تھی تو پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں طالبان نے لڑکیوں کو تعلیم کے حصول سے روکنے کی کوششیں شروع کردیں۔ملالہ یوسف زئی نے طالبان کی پابندی کو ماننے سے انکار کیا اور اسی پاداش میں 2012 میں اسکول سے واپس آتے ہوئے وین کے اندر انہیں گولی ماری گئی تاہم خوش قسمتی سے وہ بچ گئیں۔اب ملالہ یوسف زئی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں جہاں وہ ایجبسٹن ہائی اسکول برائے خواتین میں زیر تعلیم ہیں۔

متعلقہ عنوان :