نیشنل ہیلتھ وژن کی دستاویز حتمی مراحل میں داخل ، جلد پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی،پاکستان میں یونیورسل ہیلتھ کوریج اور بیماریوں پر قابو پانے اور روک تھام میں کئی بڑی شروعات کی گئی ہیں ،صحت کے شعبہ کو مضبوط بنانے کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر شراکت داری اور اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کروایا جا رہا ہے،ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ادویات کی قیمتوں کے تعین کی پالیسی متعارف کروائی ہے

وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کی عالمی ادارہ صحت کے علاقائی سربراہ سے ملاقات میں گفتگو ،ڈاکٹر ایلاالوان کی پاکستان میں پولیو کی روک تھام اور یونیورسل ہیلتھ کوریج میں پیش رفت پر وزیر مملکت قومی صحت کو مبارک باد

بدھ 29 جون 2016 20:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہاہے کہ پاکستان میں یونیورسل ہیلتھ کوریج اور بیماریوں پر قابو پانے اور روک تھام میں کئی بڑی شروعات کی گئی ہیں ،اس وقت صحت کے شعبہ کو مضبوط بنانے اور پیش رفت کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر شراکت داری اور اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کروایا جا رہا ہے،ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ادویات کی قیمتوں کے تعین کی پالیسی متعارف کروائی ہے ،نیشنل ہیلتھ وژن کی دستاویز صوبائی حکومتوں کی بھر پور مشاورت سے تیاری کے حتمی مراحل میں ہے ،یہ دستاویز جلد ہی پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی جبکہ عالمی ادارہ صحت کے علاقائی سربراہ ڈاکٹر ایلاالوان نے پاکستان میں پولیو کی روک تھام اور یونیورسل ہیلتھ کوریج میں پیش رفت پر وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کو مبارک باد دی ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو عالمی ادارہ صحت کے علاقائی سربراہ ڈاکٹر ایلاالوان نے بدھ کو وزارت صحت میں سائرہ افضل تارڑ سے ملاقات کی جس کے دوران وزیر مملکت نے ایلاالوان کو بتایا کہ پاکستان میں یونیورسل ہیلتھ کوریج اور بیماریوں پر قابو پانے اور روک تھام میں کئی بڑی شروعات کی گئی ہیں اور اس وقت صحت کے شعبہ کو مضبوط بنانے اور پیش رفت کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر شراکت داری اور اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔

وزیر مملکت نے ملاقات کے دوران پاکستان کے صحت کے شعبہ کے مشترکہ جائزہ کے لیے عالمی دارہ صحت کی معاونت کو سراہا اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں بہتری لانے کے سلسلہ میں عالمی ادارہ صحت کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے عالمی ادارہ صحت کے علاقائی سربراہ کو ادویات کی ریگولیشنز میں متعارف کروائی جانے والی بڑی بڑی اصلاحات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ہم نے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ادویات کی قیمتوں کے تعین کی پالیسی متعارف کروائی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے علاقائی سربراہ کو بتایا گیا کہ نیشنل ہیلتھ وژن کی دستاویز صوبائی حکومتوں کی بھر پور مشاورت سے تیاری کے حتمی مراحل میں ہے اور یہ دستاویز جلد ہی پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔ ڈاکٹر الاالوان کو وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی طرف سے شروع کئے جانے والے اقدامات بارے بریف کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ سرطان اور ذیابیطس جیسے غیر متعدی امراض کے بڑھتے ہوئے کیسوں کا نوٹس لیتے ہوئے صوبوں اور وزارت میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے اور وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوارڈینیشن قومی سطح پر بیماریوں کی موثر نگرانی اور بھر پور جوابی اقدامات کرنا چاہتی ہے اور وزارت کے آئی ایس او سرٹیفکیشن کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اسد حفیظ نے ڈاکٹر ایلاالوان کو وزیر اعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جس کے دوران بتایا گیا کہ سنٹرل منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے پروگرام کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت مریضوں کے اطمینان کو اہمیت دی گئی ہے اور اس کی روشنی میں پروگرام پر عمل درآمد کا میکنیزم اپنایا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے علاقائی سربراہ نے کہا کہ پولیو کی روک تھام میں کامیابی پر پاکستان پر ہمارے لیے قابل فخر ہے اور بلا شبہ پولیو کا خاتمہ تاریخی کامیبابی ہو گی اور ہم صحت کے شعبہ کے مشترکہ قائد کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔