بھکی پاور پلانٹ میں استعمال ہونے وا لی گیس ٹربائن بہتر کارکردگی کی بنا پر گینز بک آف ورلذ ریکارڈ میں شامل

بھکی پاور پلانٹ کی تعمیری لاگت ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو40ارب روپے کی بچت ہو گی یہ پلانٹ مارچ2017ء تک 360میگا واٹ اور دسمبر 2017ء تک مکمل پیداواری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کریگا

بدھ 29 جون 2016 20:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) حکومت پنجاب کی طرف سے لگائے جانے والے بھکی پاور پلانٹ میں استعمال ہونے والی نائن ایچ اے گیس ٹربائن کو بہتر کارکردگی کی بنا پر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ جنرل الیکٹرک(جی ای ) کی تیار کردہ یہی نائن ایچ اے ٹربائن فرانس کے بوشین پاورپلانٹ میں بھی استعمال کی گئی ہے جسے بلند ترین فی صد ایفی شینسی ریٹ کی بناپر دنیا کا سب سے بہتر کام کرنے والا پاور پلانٹ قرار دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے بکھی ضلع شیخوپورہ میں1180میگا واٹ بجلی کی پیداور کے لئے نصب کیا جانے والا پلانٹ کام شروع کرنے کے بعد اس خطے میں سب سے بہتر استعدادِ کار والا پاور پلانٹ ہوگا اور پاکستان میں پاور سیکٹر کے لئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا جہاں بہتر استعدادِ کار کا مطلب بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی اور صارفین کو اس کا فائدہ منتقل کرنا ہے ۔ شفاف بڈنگ پراسیس کے نتیجے میں اس کی تعمیری لاگت ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو40ارب روپے کی بچت ہو گی ۔یہ پلانٹ مارچ2017ء تک 360میگا واٹ اور دسمبر 2017ء تک مکمل پیداواری صلاحیت کے مطابق بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرے گا ۔

متعلقہ عنوان :