Live Updates

الیکشن کمیشن کے ریٹائرڈ اراکین کی جانب سے پارلیمان کی منظوری کے بغیر واجبات کی وصولی کی اطلاعات تشویشناک ہیں ‘ شاہ محمود قریشی

(ن)لیگ نے سیاسی رشوت ستانی کی روایت کو جنم ہی نہیں دیا ہر طرح سے پروان بھی چڑھایا ہے ،الیکشن کمیشن اراکین اخلاقی اور قانونی طور پر وصول کئے گئے ناجائز واجبات کی فوری واپسی کے پابند ہیں‘ وائس چیئرمین تحریک انصاف

بدھ 29 جون 2016 20:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے الیکشن کمیشن کے ریٹائرڈ اراکین کی جانب سے پارلیمان کی منظوری کے بغیر واجبات کی وصولی کی اطلاعات کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اراکین اخلاقی اور قانونی طور پر وصول کئے گئے ناجائز واجبات کی فوری واپسی کے پابند ہیں۔

اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ (ن)لیگ نے سیاسی رشوت ستانی کی روایت کو جنم ہی نہیں دیا بلکہ ہر طرح سے پروان بھی چڑھایا ہے ۔الیکشن کمیشن کے ریٹائرڈ اراکین کی جانب سے پارلیمان کی منظوری کے بغیر واجبات کی وصولی کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ،مایوس کن اور قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ اراکین کی تنخواہوں میں اضافہ پارلیمان سے منظوری سے مشروط تھا،حکومت سب کچھ جان بوجھ کر الیکشن کو اپنے مقاصد کے حصول کیلئے من مانے دام فراہم کرتی رہی ہے۔

(جاری ہے)

منظوری کے بغیر اضافے کے ساتھ واجبات کی وصولی ضوابط سے کھلے انحراف کے مترادف ہے۔الیکشن کمیشن کے اراکین ووٹ کی پرچی کا تقدس بچانے میں بھی بری طرح ناکام رہے ،یہ اراکین آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے تحت آزادانہ،منصفانہ اور شفاف انتخابات کروانے میں بھی ناکام رہے۔ اس کے باوجود ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے بھاری تنخواہوں کی وصولی باعث حیرت ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اراکین اخلاقی اور قانونی طور پر وصول کئے گئے ناجائز واجبات کی فوری واپسی کے پابند ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات