سونے کی قیمتوں میں5 فیصد اضافہ، 2سال کی بلند ترین سطح پرآگئیں

بدھ 29 جون 2016 20:05

سونے کی قیمتوں میں5 فیصد اضافہ، 2سال کی بلند ترین سطح پرآگئیں

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء)برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کی خبر نے دنیا بھر کی مارکیٹوں کو ہلا کر رکھ دیا وہی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے۔برطانوی ریفرنڈم کے نتائج کے فورا بعد اسٹاک اور کرنسی مارکیٹوں میں شدید ترین مندی دیکھی گئی، جس کے برعکس سونے کی قیمتوں میں پانچ فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، ہر معاشی بحران میں سرمایہ کار سونے کو ہی محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔

برطانیہ میں یورپی یونین سے انخلا کے ریفرنڈم کے بعد عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بھی زبردست اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق سونے کی قیمت بائیس فی صد اضافے کے ساتھ، ایک ہزار تین سو بائیس ڈالر پر پہنچ گئی ہے۔عالمی منڈی میں سونا دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے, ماہرین کے مطابق قیمت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا اس سے نکل جانے سے متعلق ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق برطانوی عوام کی اکثریت نے یورپی یونین سے نکلنے کی حمایت کردی ہے۔

نتائج کے مطابق یورپی یونین سے انخلا کی حمایت میں 51.8 فیصد جبکہ مخالفت میں 48.2 فیصد افراد نے ووٹ دیا۔ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج آنا شروع ہوئے تو پانڈ کی قدر تیزی سے گرنا شروع ہو گئی اور بارہ فیصد تک کمی کے ساتھ ڈالر کے مقابلے میں ایک اعشاریہ تینتیس ڈالر پر پہنچ گئی جو انیس سو پچاسی کے بعد سے پانڈ کی کم ترین سطح ہے۔