پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے کیساتھ جڑا ہوا ہے،آفتاب شیرپاؤ

ا فغان مہاجرین ہمارے بھائی ہیں جو بین الاقوامی معاہدے کے تحت یہاں رہ رہے ہیں،مہاجرین کے قیام کی مدت میں توسیع کا احترام کرتے ہوئے پکڑ دھکڑ ،ہراساں کر نے سے گریز کیا جائے،چیئرمین قومی وطن پارٹی

بدھ 29 جون 2016 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں توسیع کا احترام کرتے ہوئے ان کی پکڑ دھکڑ اور ان کو ہراساں کر نے سے گریز کیا جائے کیونکہ افغان مہاجرین ہمارے بھائی ہیں جو کہ ایک بین الاقوامی معاہدے کے تحت یہاں پر رہ رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو بے جا تنگ نہ کیا جائے اور وہ جس بین الاقوامی معاہدے کے تحت یہاں پر رہ رہے ہیں اس معاہدے کے تحت ان کو وہ تمام مراعات اور سہولیات ملنے چاہئے جن کے وہ حقدار ہیں۔ آفتاب شیرپاؤ نے افغان مہاجرین کوملک کے دوسرے صوبے کے حوالہ کرنے کو بھی پختون روایات کے منافی اقدام قرار دیا اور کہا کہ پختون قوم اپنی روایات کے مطابق مہمان نوازی کیلئے مشہور ہیں لہٰذااس قسم کے اقدامات سے نہ صرف پختون روایات کو نقصان پہنچے گا بلکہ دونوں ممالک کے تاریخی رشتوں پربھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزیدکہا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن بھی ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور جب تک کسی ایک ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو گی تو دوسراملک اس سے براہ راست متاثر ہوتا رہے گالہٰذا دونوں ممالک کو تمام تصفیہ طلب معاملات مل بیٹھ کر حل کرنے چاہیے اور باہمی تجارت اور تعلقات کی بہتری کیلئے دونوں ممالک کے حکمرانوں کو نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ جب تک افغانستان کے حالات مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوتے اور وہاں پر امن و امان کی فضا بحال نہیں ہوتی اس وقت تک افغان مہاجرین کو پاکستان میں عزت سے رہنے دیا جائے۔انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ افغانستان کے مسئلے کا فوری حل نکالا جائے تاکہ ان کو باعزت طریقے سے اپنے ملک واپس بھیجا جائے۔