چند روپوں کی لالچ میں قوم کے مستقبل سے کھیلنے والے سخت قانونی کارروائی کے مستحق ہیں‘شہبازشریف

پرچہ آؤٹ کرنا ایک جرم ہے، آئندہ ایسا واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا‘وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 29 جون 2016 19:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی جس میں لاہور بورڈ کے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو انگریزی کا پرچہ آؤٹ ہونے کے حوالے سے ذمہ دار افراد کے خلاف عمل میں لائی جانے والی قانونی کارروائی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے پرچہ آؤٹ کرنے والے ملزمان کے خلاف بروقت کارروائی پر آر پی او سرگودھا اور ان کی دیگر ٹیم کو شاباش دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ دور میں پرچے کے آؤٹ ہونے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ چند روپوں کی لالچ میں قوم کے مستقبل سے کھیلنے والے سخت قانونی کارروائی کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے متعلقہ وزراء اور سیکرٹری صاحبان سے استفسار کیا کہ تعلیمی بورڈز اور امتحانی نظام کو مکمل طو رپر کمپیوٹرائزڈ کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا۔

انہو ں نے کہا کہ پرچہ آؤٹ کرنا ایک جرم ہے۔تعلیمی بورڈز اور امتحانی نظام کو سوفیصد خامیوں سے پاک ہونا چاہیئے اور آئندہ پرچہ آؤٹ ہونے کا واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، ذکیہ شاہنواز، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی جبکہ خصوصی کمیٹی کے سربراہ آر پی او سرگودھا اپنے دفتر سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :