توانائی منصوبوں مکمل ہونے سے لوڈشیڈنگ کابہت حد تک خاتمہ ہوگا،بجلی بھی سستی ملے گی ، محمد شہبازشریف

سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت550ارب روپے کے ریکارڈفنڈز رکھے گئے ہیں،پسماندہ علاقوں کی ترقی پر بھی اربوں روپے صرف ہونگے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تجویز کیے گئے اقدامات سے غربت میں کمی اورامیر اور غریب کے درمیان خلیج کم ہوگی‘وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 29 جون 2016 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن کو بہترین انداز میں چلانے اورصوبائی بجٹ 2016-17ء کی منظوری پر مبارکباددی ہے اورکہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دیا ہے اس متوازن بجٹ سے عوام کی حالت بدلے گی،سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت آئندہ مالی سال کیلئے 550ارب روپے کے ریکارڈ فنڈزمختص کیے گئے ہیں،پنجاب حکومت نے صوبے کے 10کروڑ عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے اربوں روپے مختص کیے ہیں ،صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد سے صوبے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، تاریخ ساز سالانہ ترقیاتی پروگرام عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے ہماری ترجیحات کا عکاس ہے ،پسماندہ علاقوں کی ترقی اورجنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے بھی اربوں روپے رکھے گئے ہیں، گزشتہ برسوں کی طرح آئندہ مالی سال کے دوران بھی جنوبی پنجاب کا فلاحی پروگراموں میں حصہ زیادہ رکھا گیا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کااظہار یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن ) کے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرکے عوام کی زندگیوں میں بہتری لائیں گے۔ تعلیم ،صحت ،زراعت اورسوشل سیکٹر کیلئے مختص کیے گئے اربوں روپے سے ان شعبوں کی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔کاشتکاروں کی خوشحالی اورزراعت کے فروغ کیلئے بھی زبردست پیکیج دیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ یوریا ،ڈی اے پی،زرعی ٹیوبلوں کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی اوربلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام سے کاشتکار مستفید ہوں گے۔

کسان کو عالمی کساد بازاری سے پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دی جارہی ہے ۔آئندہ مالی سال کیلئے دیاگیا تاریخ ساز بجٹ سے صوبے کے عوام کی تقدیر بدلے گی۔نئے مالی سال کا بجٹ پائیدار ترقی،مضبوط معیشت اورتمام علاقوں کی متوازن ترقی کا آئینہ دارہے ۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تجویز کیے گئے اقدامات سے غربت میں کمی اور امیر اور غریب کے درمیان خلیج کم ہوگی۔

دیہی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے بڑے پروگرام سے دیہی معیشت فروغ پائے گی۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے صاف پانی پروگرام کے تحت دیہات میں بسنے والے کروڑوں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔صاف پانی کے اس بڑے پروگرام کے تحت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 30ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے جاری کاوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تیزرفتار ترقی اورمعاشی وسماجی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بے پناہ کام ہوا ہے اوروزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے دن رات ایک کررکھا ہے ۔

توانائی بحران کا جلد خاتمہ بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔حکومت کوئلے،گیس،شمسی توانائی اور پن بجلی کے منصوبوں پر بیک وقت کام کررہی ہے ۔توانائی منصوبوں کے متعدد منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے ملک کی تاریخ کا شمسی توانائی کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کاواحد منصوبہ مکمل کیا ہے ۔

قائداعظم سولر پارک میں سورج سے 900میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر بھی کام تیزرفتاری سے جاری ہے ۔اس سولر منصوبے کے تحت آئندہ چند دنوں میں 300میگاواٹ بجلی پیدا ہونی شروع ہوجائے گی۔وفاقی اورپنجاب حکومتیں گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی کے منصوبوں پر بھی کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک سے اندھیروں کے خاتمے کا وعدہ پورا کرے گی اور توانائی منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ بہت حد تک ختم ہوگی اوربجلی بھی سستی ملے گی۔