لاہور میں غیر رجسٹرڈ اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی لاہور پولیس کے اشتراک سے مہم شروع،ایس ایم یو مانیٹرنگ کرے گا غیر رجسٹرڈ گاڑی سڑک پر نہیں لائی جا سکتی بصورت دیگر گاڑی کو تحویل میں لے کر جرمانہ اورسزا بھی ہو گی وزیراعلی کی ہدایت پر غیر رجسٹرڈ اور جعلی نمبر پلیٹ پر زیروٹالرنس کا رویہ اپنا جائے گا‘ سلمان صوفی

بدھ 29 جون 2016 18:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر لاہور میں ”اپلائیڈ فار“ غیر رجسٹرڈ اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔سینئر ممبر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سلمان صوفی نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کو دہشت گردی اور جرائم سے پاک کرنے کے لئے ”اپلائیڈ فار“ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ مشکوک گاڑیاں استعمال کرنے والے سماج دشمن عناصر کو گرفت میں لایا جا سکے۔

سلمان صوفی نے بتایا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ایس ایم یو لاء ان آرڈر اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے اشتراک سے ہونے والی اصلاحات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں غیر رجسٹرڈ اپلائیڈ فار جعلی نمبر پلیٹ اور جعلی سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ موٹر وہیکلز آرڈی ننس کے تحت کوئی بھی غیر رجسٹرڈ گاڑی سڑک پر نہیں لائی جا سکتی۔

بصورت دیگر نہ صرف گاڑی کو تحویل میں لے لیا جائے بلکہ جرمانہ اور سزا بھی کی جائے گی۔سلمان صوفی نے بتایا کہ اپائیڈ فار گاڑیاں سکیورٹی رسک ہیں کیونکہ ایسی گاڑیوں کے ذریعے واردات کرنے والوں کو ٹریس کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔اسی طرح جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ لاہور میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور پولیس کے اشتراک سے کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے جس کی نگرانی وزیراعلی سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کررہا ہے۔

سلمان صوفی نے مزید بتایا کہ غیر رجسٹرڈاور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کوروکنے کے لئے ڈیلرز وہیکلز رجسٹریشن سسٹم پنجاب کے بڑے شہروں میں متعارف کروایا جارہا ہے جس کے تحت گاڑی کے سیل پوائنٹ پر رجسٹریشن بک اور لائسنس نمبر پلیٹ جاری کی جائے گی۔کسی بھی گاڑی کو رجسٹریشن کے بغیر ڈیلرشو روم سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سلمان صوفی نے بتایا کہ گاڑی کی رجسٹریشن اور جعلی نمبر پلیٹ کے معاملے میں زیر ٹالرنس کا رویہ اپنایا جائے گا۔