قابل اور محنتی طلبہ وطالبات پاکستان کے روشن مستقبل کی نو ید ہے، نو جوان نسل کو تعلیم اور تحقیق کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے ‘خلیل طاہر سندھو

جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور فنی تعلیم کے حصول کے بغیر بین الاقوامی سطح پر اپنا لو ہا منوانا ناممکن ہے ،پنجاب حکومت نے آئندہ سال کے لئے شعبہ تعلیم کے بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت 47فیصد اضافہ کیا ہے ‘صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور

بدھ 29 جون 2016 18:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ قابل اور محنتی طلبہ وطالبات پاکستان کے روشن مستقبل کی نو ید ہے، نو جوان نسل کو تعلیم اور تحقیق کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے ، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور فنی تعلیم کے حصول کے بغیر بین الاقوامی سطح پر اپنا لو ہا منوانا ناممکن ہے ،پنجاب حکومت نے آئندہ سال کے لئے شعبہ تعلیم کے بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت 47فیصد اضافہ کیا ہے ، سکول ایجوکیشن کے شعبہ کے لئے مجموعی طور پر 256ارب روپے جبکہ ہائیر ایجوکیشن کے کے لئے 46ارب 80کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھونے نجی یونیورسٹی کے طلبا وطالبات کے وفد سے ملا قات کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ میں تعلیمی میدان میں انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی کی بدولت پنجاب میں موجود 52ہزار سے زائد سکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی، پنجاب کے سکولوں میں 14لاکھ اضافی بچوں کا اندارج اساتذہ کی حاضری کو 92فیصد یقینی بنانا اور ایک لاکھ 35ہزار سے زائد اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیاں کی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ صوبہ میں فنی تعلیم کے فروغ کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں ۔ ٹیوٹا کے تعاون سے ابھی تک تقریباً4لاکھ 5ہزار طلبہ وطالبات فنی تربیت حاصل کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر سیکھنا دور حاضر میں بنیادی ضرورت بن چکا ہے ۔

اس لئے پنجاب سکلڈ سٹرٰیٹجی 2018کے تحت صوبہ بھر سے 20لاکھ سے زائد نوجوانوں کو فنی اور ووکیشنل ٹریننگ سے آراستہ کیا جائے گا۔ جبکہ میرٹ پر 4لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے ۔ پنجاب ایجوکیشنل اینڈومنٹ فنڈ کی رقم میں رواں سال سوفیصد اضافہ کیا گیا ۔ حکومت پنجاب نے قابل اور محنتی طلبا و طالبات کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں ماسٹر ، ایم فل ، اور پی ایچ ڈی کے لئے سکالر شپ فراہم کر رہی ہیں ۔

خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ رواں سال بھی حکومت پنجاب نے پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات کو بیرون ملک بہترین یو نیورسٹیوں دوروں پر بھیجا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ نوجوان نسل تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق اور ٹیکنالوجی کے نئے رجحانات کو اپنا کر ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گی ۔