Live Updates

وزیر اعظم اپنی پوزیشن کلیئر کریں، حکومتی سطح پر ابہام سے سیاسی بحران پیدا ہو گا‘عبدالعلیم خان

سرکاری ادارے اپنی وُقعت اور اہمیت کھو چکے، عدالت عظمی کی آبزویشن وقت کی آواز ہے‘مرکزی رہنماء پی ٹی آئی

بدھ 29 جون 2016 18:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک گزشتہ ایک ماہ سے افواہوں اور خدشات کی زد میں ہے وزیر اعظم اپنی پوزیشن کلیئر کریں حکومتی سطح پر پیدا ہونے والے ابہام سے سیاسی بحران سامنے آئے گا جس سے خارجہ امور سمیت پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔عبدالعلیم خان نے یہاں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3برسوں میں ایک سرکاری محکمے کی حالت بھی بدلی نہیں جا سکی حقائق یہ ہیں کہ قومی ادارے اپنی وقعت اور اہمیت کھو چکے ہیں اور عدالت عظمی کی آبزویشن وقت کی آواز ہے عوام دن بدن حکمرانوں اور اُن کی خود ساختہ جمہوریت سے بد ظن ہو رہے ہیں جس سے انہیں تعلیم ،صحت ،روزگار اور امن و امان سمیت کوئی ایک سہولت بھی حاصل نہیں ہو رہی ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ بحثیت ریاست پاکستان کے عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں اور عام آدمی کی کہیں بھی شنوائی نہیں ہوتی جس کے باعث آئے دن خود کشیاں ہو رہی ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپوزیشن دن بدن متحد ہو رہی ہے اور انشا ء اللہ عید کے بعد فیصلہ کُن مرحلہ ہو گا جو ملک کے آئندہ سسٹم کا فیصلہ کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستانی عوام کے ہیرو اور محبوب لیڈر ہیں اُن کے فنڈ ریزنگ پروگرام اُنکی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور انشا ء اللہ عمران خان کی قیادت میں ہی پاکستان کو صحیح ٹریک پر ڈالیں گے ۔

اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی ،میاں اسلم اقبال پی ٹی آئی کے رہنماوٴں میں جمشید اقبال چیمہ،ظہیر عباس کھوکھر ،حافظ فرحت عباس ،میاں طارق فیروز،راشد ریاض، اعجاز ڈیال، گلریز اقبال ،جمشید بٹ،میاں افتخار اور حاجی امداد حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :