وزیراعظم نے پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام میں 6ماہ کی توسیع کی منظوری دیدی۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 29 جون 2016 18:51

وزیراعظم نے پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام میں 6ماہ کی توسیع ..

اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جون 2016ء) :وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام میں 6ماہ کی توسیع کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ افغان مہاجرین کی مرحلہ وار واپسی جلد مکمل کی جائے،اس عمل کیلئے فوری حکمت عملی مرتب کی جائے،افغان مہاجرین کےقیام میں 31دسمبر2016تک توسیع کر دی گئی ہے۔

ترجمان وزیراعظم ہاوس کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ وزارت خارجہ مہاجرین کی جلد واپسی کیلیے یواین ایچ سی آراور افغان حکومت سےرابطہ کرے۔انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو واپسی پر3سال کیلیےگندم بھی فراہم کی جائے۔ترجمان وزیراعظم ہاوس کے مطابق رجسٹرڈ افغان مہاجرین رواں سال 31 دسمبر تک پاکستان میں رہ سکیں گے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وزارت خارجہ اور سیفران فوری طور پر یو این ایچ سی آر اور افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کریں گی تاکہ افغان مہاجرین کے کیمپوں کو مرحلہ وار افغانستان میں منتقل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیراعظم ہاوس کے مطابق کیمپوں کو منتقل کرنے کیلئے حکومتِ پاکستان اس حوالے سے آئندہ تین سال تک افغانستان کو مفت گندم فراہم کرے گی۔خیال رہے کہ پاکستانی حکومت نے گذشتہ سال دسمبر میں افغان مہاجرین کی رجسٹریشن میں 6 ماہ کی توسیع کی تھی جو رواں ماہ 30 جون کو اختتام پذیر ہورہی تھی۔پاکستان میں اس وقت تقریباََ 16 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین آباد ہیں لیکن اتنی ہی تعداد میں غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین بھی یہاں موجود ہیں۔

ادھر خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات مشتاق احمد غنی کا کہنا ہے کہ صوبے میں 100,000 رجسٹر افغان مہاجرین قیام پذیر ہیں۔ہم افغان مہاجرین کے خلاف کسی قسم کی جارحانہ مہم جوئی کی تجویز نہیں دے رہے، لیکن ہم ان کی گذشتہ 35 سال سے میزبانی کررہے ہیں اور اب وقت ہے کہ انھیں اپنے وطن واپس چلے جانا چاہیے۔مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ غیر رجسٹر افغان مہاجرین حکومت کے لیے ایک سیکیورٹی مسئلہ ہیں، انھوں نے ساتھ ہی وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ افغان مہاجرین کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرثانی کریں۔

انھوں نے کہا کہ اگر پاکستان ان کی میزبانی کرنا چاہتا ہے تو انھیں اسے رجسٹر کرنا ہوگا اور انھیں ایک مناسب انتظام کے تحت لانا ہوگا ۔گذشتہ ماہ خیبرپختونخوا میں پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے 2,000 غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو گرفتار کیا تھا، جن میں سے 400 کو ملک بدر کردیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق ادارے (یو این ایچ سی آر) کا کہنا تھا کہ رواں سال میں اب تک 6,000 افغان مہاجرین نے پاکستان کو چھوڑ کر وطن واپس لوٹے ہیں تاہم گذشتہ سال یہ تعداد 58,211 تھی۔

اقوام متحدہ کے پناہ گزین سے متعلق ادارے یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلیپوگرانڈی نے پاکستان کے تین روزہ دورے کے دوران اعلان کیا کہ رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے افغان مہاجرین کو دی جانے والی رقم کو دگنا کیا جائے گا۔پاکستان کی جانب سے مہاجرین کی سب سے زیادہ تعداد کی میزبانی کا اعتراف کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشنر نے یہ بات نوٹ کی کہ بین الاقوامی برادری کو افغان مسئلے کے حل کیلئے ترقیاتی کاموں میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :