ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خا ن کی زیر صدارت اجلاس

محکمہ جنگلی حیات اور ورلڈ وائیڈفنڈ فار نیچر جوائنٹ وینچر کے تحت ائیر پورٹس پر انفارمیشن کاؤنٹرز قائم کرینگے محکمہ جنگلی حیات ، ورلڈ وائیڈفنڈ فار نیچر اور سول ایوی ایشن اتھارٹی میں جلد مفاہمت کی یاداشت پر دستخظ ہو جائینگے

بدھ 29 جون 2016 18:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) محکمہ جنگلی حیات اور ورلڈ وائیڈفنڈ فار نیچر نے جوائنٹ وینچر کے تحت علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ لاہور اور بے نظیرانٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد میں عوام آگہی کیلئے وائلڈلائف انفارمیشن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔محکمہ جنگلی حیات وپارکس پنجاب ، ورلڈ وائیڈفنڈ فار نیچر اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان جلد مفاہمت کی یاد اشت پر دستخط ہو جائینگے۔

اس امر کا فیصلہ یہاں ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان کی زیر صدارت جنگلی حیات کے تحفظ بارے عوام میں شعور اجاگر کرنے اور اس کی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے بلائے گئے اجلاس میں کیا گیا، جس میں محکمہ کے افسران کے علاوہ ورلڈ وائیڈفنڈ فار نیچر کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کی حفاظت اور اسے محفوظ بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت اور محکمہ کی اولین ترجیح ہے ۔

پہلے مرحلے میں یہ کاؤنٹرز علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ لاہور اور بینظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد پر قائم کئے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں فیصل آباد ائیر پورٹ پر بھی انفارمیشن کاؤ نٹرکھولا جائے گا ۔خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ یہ کاؤنٹرز جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے عوام میں آگہی پیداکرنے کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کی سمگلنگ کی روک تھام میں بھی موثر کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کاؤنٹرزپر محکمہ جنگلی حیات کاانسپکٹر کے عہدے کانمائندہ ہمہ وقت موجود ہوگا جبکہورلڈ وائیڈفنڈ فار نیچر بھی اپنا نمائندہ مقرر کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں سول ایوی ایشن حکام نے محکمہ جنگلی حیات کو صر ف کارگو ایریا تک رسائی دی تھی جس سے مطلوبہ مقاصد حاصل نہ ہونے پر ائیر پورٹس کے اندر کاؤنٹرزقائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کاؤنٹرز پر جنگلی حیات بارے عوام آگہی کیلئے پمفلٹس ، بروشرزاوردیگرمعلومات فراہم کی جائیں گی،انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلی حیات کی طرف سے بے نظیر انٹر نیشنل اےئر پورٹ اسلام آباد کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈ لائف محمد انور مان جبکہ علامہ اقبال انٹر نیشنل اےئر پورٹ لاہور کیلئے عبدالشکور منج کوفوکل پرسن مقرر کیاجائے گا ۔

متعلقہ عنوان :