قبلہ اول کی آزادی، فلسطینی ریاست کا قیام عالم اسلام پر قرض ہے‘پیر اعجاز ہاشمی

امت سے غداری کا مطلب اسلام سے دھوکہ ہوگا،لگتا ہے او آئی سی تحریک آزادی فلسطین بھول چکی ہے‘ مرکزی صدر جے یو پی

بدھ 29 جون 2016 18:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدرپیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینیوں کے بنیادی شہری حقوق کا حصول عالم اسلام پر قرض ہے، ہمیں اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے اسرائیلی مظالم کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار بننا چاہیے، امت سے غداری کا مطلب اسلام سے دھوکہ ہوگا،لگتا ہے او آئی سی فلسطین کی آزادی کی تحریک بھول چکی ہے۔

جے یو پی میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ غاصب اسرائیلی ریاست کی فلسطینیوں پر جاری جارحیت سے انسانیت کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔جبکہ اقوام متحدہ بھی مسلمانوں سے متعلقہ امور کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ مسئلہ امریکہ اور اسرائیل کو درپیش خطرات کا ہوتو عالمی ادارہ متحرک ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر اسلامی ریاستوں کی طرف سے روا رکھی گئی مجرمانہ خاموشی اور بے حسی بھی باعث ندامت ہے۔

مسئلہ کشمیر اور فلسطین ابھی تک حل طلب ہیں۔ کسی عالمی ادارے نے اس پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ان کا کہنا تھاکہ امت مسلمہ کو سر جھکانے کی نہیں، بیت المقدس کوآزاد کروانے کے لئے صلاح الدین ایوبی جیسے جہادی جذبے کی ضرورت ہے ۔تاکہ جہاد اور حکمت سے قبلہ اول کو آزاد کروایا جاسکے اور فلسطینی ریاست کام کرے، جہاں مسلط کردہ یہودیوں کی بجائے ، اسلامی حکومت ہو۔

متعلقہ عنوان :