چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے صاحبزادے اویس شاہ کی بازیابی کے لئے سندھ پولیس نے پنجاب پولیس سے مدد مانگ لی

پنجاب پولیس کے لئے جدید فرانزک وینز بھی آ چکی ہیں جنہیں کرائم سین سے شواہد اکٹھے کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا،نئے بجٹ سے 400نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی‘ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کا تقریب سے خطاب ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 29 جون 2016 18:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے صاحبزادے اویس شاہ کی بازیابی کے لئے سندھ پولیس نے پنجاب پولیس سے مدد مانگ لی، آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ اویس شاہ کے معاملے پر چاروں صوبوں کی پولیس رابطے میں ہے اور سندھ پولیس کے کے کہنے پر پنجاب کے کچھ علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا ہے،پنجاب پولیس کے لئے جدید فرانزک وینز بھی آ چکی ہیں جنہیں کرائم سین سے شواہد اکٹھے کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گاجبکہ پنجاب پولیس کے نئے بجٹ سے 400نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی،دوران سروس وفات پانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی بیو گان اور ورثاء کوگذارہ لاؤنس کے حصول میں درپیش مسائل اور پولیس کے ضلعی دفاتر سمیت بینکوں کے بار بار چکر لگانے کے عمل سے بچانے کیلئے ATMکارڈز کے ذریعے گذارہ الاؤنس کی فراہمی کے انقلابی پروجیکٹ کا آغاز ضلع لاہور سے کیا جارہا ہے جس میں لاہور کے 260پولیس افسران اور اہلکاروں کی بیوگان اور ورثاء کوATMکارڈز فراہم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الحمراء ہال میں دوران سروس وفات پانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی بیوگان اور ورثاء میں گذارہ الاؤنس اے ٹی ایم کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سی سی پی اور لاہور کیپٹن ( ر) محمد امین وینس ، ایڈیشنل آ ئی جی فنانس سہیل خان ، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ،اے آئی جی ڈویلپمنٹ کامران خان ، ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم ، ایس ایس پی آپریشنز منتظر مہندی ، بینک الفلاح کے زونل چیف اور دیگرعملہ بھی موجود تھا ۔

مشتا ق احمد سکھیر انے کہا کہ میں نے جب آئی جی پنجاب کے عہدہ کا چارج لیا اس وقت گذارہ الاؤنس2500روپے ماہانہ جسے ہم نے بڑھا کر 5000ر وپے کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بطور آئی جی بلوچستان میں نے وہاں گذارہ الاؤنس کے فراہمی کے قوانین میں ترمیم کروا کر پولیس اہلکاروں کی بیوگان اور ورثاء کو معقول ماہانہ گذارہ الاؤنس مقرر کروایا تاکہ پولیس اہلکاروں کی بیوہ اور بچے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلا ئیں انہوں نے مزید کہاکہ جب میں پہلی بار ضلع میں تعینات ہواتو مجھے اندازہ ہوا کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کی بیوگان اور ورثاء کوگذارہ الاؤنس کے حصول کیلئے ضلعی پولیس افسران کے دفاتر اور بینکوں میں کسی طرح بار بار چکر لگوائے جاتے ہیں اور اسی مشاہدے کے پیش نظر میرا ارادہ تھا کہ گذارہ الاؤنس کی فراہمی کے طریقے کار کو اتنا آسان کردیا جائے کہ بیوگان اور ورثاء اپنے گھروں کے قریب کسی بھی ATMمشین سے اپنا گذارہ الاؤنس حاصل کرسکیں کیونکہ جو بیوگان گھر کی دہلیز سے پاؤں باہر نہیں رکھتی تھی انہیں جب بار بار پولیس افسران کئے دفاتر اور بینکوں میں چکر لگانے پڑتے تھے جس سے انہیں جو کرب اور اضافی اخراجات بردادشت کرنے پڑتے تھے اس کا مجھے بخوبی اندازہ ہے اور شاید اسی وجہ سے گذارہ الاؤنس ATMکارڈ کے اجراء کا یہ منصوبہ شروع ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری یہ بھر پور کوشش ہے کہ آئندہ مالی سال میں گذارہ الاؤنس میں مزید اضافہ کیا جائے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی اور لاہور کیپٹن ( ر) محمد امین وینس نے کہاکہ میں انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرا کا بہت مشکور ہوں کہ انہوں نے ویلفیر کے اس پراجیکٹ کاآغاز لاہور سے شروع کیا اور یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ اب پولیس افسران اور اہلکاروں کی بیوگان اور ورثا کوگذارہ الاؤنس نے حصول کے لئے پولیس دفاتر اور بینکوں کے متعدد بار چکر لگانے کی ز حمت نہیں کرنے پڑے گی اور وہ اپنے گھر کے قریب ATMمشین سے گذارہ الاؤنس حاصل کرسکیں گے انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کی ویلفئیر کے لئے حکومت پنجاب نے پولیس لائنز میں40بیڈز کے ہسپتال اور فیروز پور روڈ پر شہدا کے بچوں کیلئے سکول کی منظوری دے دی ہے انہوں نے مزید کہا کہ لاہورکے تمام بڑے پرائیوٹ تعلیمی اداروں کے سر براہوں اورانتظامیہ سے شہدا اوردوران ملازمت وفات پانے والے سرکاری افسران اور اہلکاروں کے بچوں کے لئے مفت تعلیم کا کوٹہ مقرر کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے اور بہت جلد پولیس اور ان اداروں میں MOUپر دستخط ہوجائیں گے ۔

تقریب کیااختتام پر ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم نے سب انسپکٹر کی بیوہ شاہین بی بی کی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اسے گذشتہ سہ ماہی کے گذارہ الاؤنس کا چیک موقع پر جاری کروایا علاوہ ازیں انہوں نے ملتان سے آنے والی ہیڈ کانسٹیبل کی بیوہ صائمہ بی بی کی شکایت پرفوری نوٹس لیتے ہوئے اس کی طبی امداد کا چیک فوری فراہم کرنے کے علاوہ چیک کی فراہمی میں تاخیر پر ویلفئیر کلرک کوشوکاز نوٹس جاری کرنیکا بھی حکم دیا یہ امر اقابل ذکر ہے کہ گذارہ الاؤنس ATMکارڈ پروجیکٹ بینک الفلاح کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے ۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے اویس شاہ کی بازیابی کے لئے سندھ حکومت نے رابطہ کیا ہے اور پنجاب کے مخصوص ناکوں اور گنینگز سے متعلق معلومات مانگی ہیں۔ پنجاب پولیس اس معاملے میں جس حد تک مدد فراہم کر سکتی ہے وہ کر رہی ہے اور سندھ پولیس کی نشاندہی کے مطابق چھاپے مارے جا رہی ہیں۔

پولیس افسران کی تنزلی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق اٹھایا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کمیٹی نے فہرست تیار کی تھی اور پویس افسران کو قانونی تقاضوں کے مطابق آؤٹ آف ٹرن ترقی دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے لئے جدید فرانزک وینز بھی آ چکی ہیں جنہیں کرائم سین سے شواہد اکٹھے کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے اضلاع میں 2اور چھوٹے اضلاع میں ایک، ایک فرانزک وین بھجوائی جائے گی۔