استنبول کے اتاترک ایئرپورٹ کو کھول دیا گیا‘ تمام فلائٹ آپریشنز بحال کردیئے گئے ہیں:ٹرکش ایئرلائنز

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 29 جون 2016 18:19

استنبول کے اتاترک ایئرپورٹ کو کھول دیا گیا‘ تمام فلائٹ آپریشنز بحال ..

اسنتبول(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29جون۔2016ء)ترکی کے وزیراعظم نے اسنتبول کے اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خودکش حملے کے بعد ایئرپورٹ کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حملے میں13غیرملکیوں سمیت 41 افراد ہلاک اور 230سے زائدزخمی ہوئے-ترک حکومت نے ہلاک ہونے والے غیرملکیوں کی شہرتیں ابھی تک ظاہرنہیں کی ہیں۔

ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے ایئرپورٹ پر ایک بیان میں کہا کہ ائیرپورٹ کو مقامی وقت کے مطابق2بجکر20منٹ پر آمد اور روانگی کی پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ٹرکش ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ اس کے تمام فلائٹ آپریشنز بحال ہو گئے ہیں اور واشنگٹن نے بھی امریکہ سے استنبول آنے والے پروازوں پر بندش ختم کر دی ہے۔تاہم ایران نے استنبول تک تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے بتایا کہ تین خودکش حملہ آور استنبول کے مصروف ہوائی اڈے پر ٹیکسی کے ذریعے پہنچے اور یہاں خود کو دھماکے سے اڑانے سے قبل انھوں نے خود کار ہتھیاروں سے لوگوں پر فائرنگ شروع کر دی۔سرکاری عہدیداروں کے مطابق ہلاک ہونے والے 41 افراد میں 13 غیر ملکی بھی شامل تھے۔ ایک خودکش حملہ آور نے بین لاقوامی آمد کے لیے مخصوص ٹرمینل کے باہر خود کو دھماکے سے اڑایا۔ اس مقام پر عموماً بے انتہا رش ہوتا ہے۔دو دیگر حملہ آوروں نے اس ٹرمینل میں گھسنے کی کوشش کی جہاں پولیس کی بھاری مسلح نفری اور سکیورٹی کے آلات نصب تھے۔