واپڈاحکام سوات کے عوام کامزید امتحان نہ لیں،محمودخان

سوات میں ظالمانہ اور ناروا لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند نہ ہوا تو امن امان کی صور تحال بگڑ سکتی ہے،وزیرکھیل وثقافت

بدھ 29 جون 2016 18:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) خیبرپختونخواکے وزیر کھیل ،ثقافت ،میوزیم اورامورنوجوانان محمودخان نے کہا ہے کہ ضلع سوات میں ظالمانہ اور ناروا لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند نہ ہوا تو امن امان کی صور تحال بگڑ سکتی ہے جسکی تمام ترذمہ داری وفاقی حکومت اورپیسکوحکام پرعائد ہوگی کیونکہ بجلی کے نہ ہونے کے باعث لوگوں کو پینے کے لئے صاف پانی بھی میسر نہیں اور ان کی روزمرہ زندگی بھی متاثرہ ہوئی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ظالمانہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لوگوں کے کاروباراورروزگار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں سے جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں کیا۔ محمود خان نے کہاکہ پیسکوکی استعداد کاراتنی کمزور ہے کہ وہ خراب ٹرانسفارمر تک ٹھیک نہیں کرسکتے اور یہ خراب ٹرانسفارمر متعلقہ صوبائی وزیر یا ایم پی اے اپنے جیب سے خودٹھیک کراتے ہیں حالانکہ یہ کام محکمہ پیسکوکاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ماضی میں واپڈاکے وفاقی وزیر نے محکمے کی اصلاح پرکوئی توجہ نہیں دی اسی وجہ سے پیسکو کی کارکردگی بالکل صفر ہے ۔انہوں نے کہا کہ واپڈا کے موجودہ وفاقی وزیر نے بھی یہ اعلان کیاتھا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی جبکہ اس کے برعکس اس وقت عوام لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے دوچار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پیسکو حکام کی نااہلی کی وجہ سے صوبے میں لوگوں کوظالمانہ لوڈشیڈنگ ،کم وولٹیج اور ورلوڈنگ کی مشکلات کاسامناہے۔محمود خان نے پیسکو حکام کو خبردار کیا کہ وہ ضلع سوات کے عوام کا مزید امتحان نہ لیں اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیادی پورعملی اقدامات اٹھائیں ۔محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبے میں توانائی بحران پر قابوں پانے کے لئے مختلف چھوٹے چھوٹے منصوبوں پر کام کررہی ہے اورانشاء اللہ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں توانا ئی کے بحران پر قابوں پایا جاسکے گا۔

متعلقہ عنوان :