ناظم اعلیٰ سوات نے حواس باختہ ہو کر اپناپینترا بدلا ہے،امجدعلی خان

بدھ 29 جون 2016 18:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ ناظم اعلیٰ سوات نے حواس باختہ ہو کر اپناپینترا بدلا ہے پہلے ناظم اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ڈاکٹر امجد علی نے بجلی سے متعلق سٹے آرڈر لیا ہوا ہے جبکہ اب مزید جھوٹ بولتے ہوئے کہتے ہیں کہ ڈاکٹر امجد علی نے اپنے ایک بندے کے ذریعے سٹے آرڈر لیا ہوا ہے اس لئے موصوف کو مشورہ دونگا کہ پہلے اپنا علاج کسی اچھے سے معالج سے کرائیں تاکہ وہ سوات کے عوام کو مزید گمراہ کرنے کی کوشش نہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ناظم اعلیٰ لوڈشیڈنگ پر قابو نہیں پاسکے تو جھوٹ ، بہتان اور اورالزام تراشیوں کے سلسلے کی حد کر دی ہے جس شخص کا یہ ذکر کر رہے ہیں کہ یہ باچا حسین کا رشتہ دار ہے اور اس نے سٹے آرڈر لیاہوا ہے اس کے بارے میں موصوف کی لاعلمی پر حیرت ہوئی ہے کیونکہ کہ وہ شخص اے این پی کا ضلعی راہنماہے اور حالیہ بلدیاتی الیکشن میں اس نے ضلع کونسل کا انتخاب اے این پی کی طرف سے لڑا تھا اور ناظم اعلیٰ کو چاہئیے کہ وہ خود اس سے سٹے واپس لینے کے لئے درخواست کریں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ناظم اعلیٰ خود د یخ بستہ دفتر سے نکل کر معلوم کریں کہ132 kvڈبل سرکٹ لائن پر کتنا کام ہوا ہے ان کی اپنی حکومت اور واپڈا کو اپنی کارکردگی پتہ نہیں ہے ابھی تک اس لائن پر صرف دو فیصد کام نہیں ہوا اس لئے وہ عوام کو مزید دھوکہ دینے اور گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔ لوڈشیڈنگ اور کم وولیٹیج مسلم لیگ حکومت کا سوات عوام کے لئے پریشانیوں کی صورت میں بڑا تحفہ ہے اور اگر ناظم اعلیٰ سمجھتے ہیں کہ جھوٹ پر جھوٹ کے ذریعے وہ عوام کو دھوکہ دینے اور ان کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے یہ انکی غلط فہمی ہے سوات کے عوام باشعور ہو چکے ہیں اور وہ وفاقی حکومت کی ناہلی کو اچھی طرح سمجھتے ہیں جس نے نہ تو ابھی تک بجلی کے کوئی منصوبے شروع کئے ہیں اور نہ ہی اپنے وعدوں کے مطابق عوام کو لوڈشیڈنگ سے چھٹکارا دلایا ہے بلکہ پورے ملک میں مسلم لیگ نے عوام کو بجلی کے ہاتھوں عذاب میں مبتلا کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناظم اعلیٰ نے اپنے جھوٹ کی خود تصدیق کر دی ہے کہ ڈاکٹر امجد نے سٹے آرڈر نہیں لیا اس لئے عوام کا یہ مطالبہ ہے اور اخلاقی جواز بھی یہی ہے کہ ضلع ناظم اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں اور پی ٹی آئی اور اس کی صوبائی حکومت پر بے جا الزام تراشی نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :