جیکب آباد میں مویشی منڈی پر سابق ایم این اے اور ضلع انتظامیہ کے درمیان تنازعہ جاری

انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کو مویشی منڈی میں تعینات کردیا، سابق ایم این اے کی جانب سے انتظامیہ کے رویے پر برہمی کا اظہار

بدھ 29 جون 2016 17:52

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) جیکب آباد میں مویشی منڈی پر سابق ایم این اے اور ضلع انتظامیہ کے درمیان تنازعہ جاری، ضلع انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کو مویشی منڈی میں تعینات کردیا، سابق ایم این اے کی جانب سے ضلع انتظامیہ کے رویے پر برہمی کا اظہار۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں مویشی منڈی کے ٹھیکے پر ضلع انتظامیہ اور سابق ایم این اے میر بابل خان جکھرانی کے درمیان جاری تنازعہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے سابق ایم این اے کی جانب سے مویشی منڈی کے بیوپاریوں کو ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں چلنے والی منڈی میں کاروبار کرنے کے بجائے اپنے مویشی بلوچستان کے شہر جعفرآباد لے جانے کا حکم جاری کیا جس کے بعد بیوپاریوں نے اپنے جانور بلوچستان لے جانے کی کوشش کی تو پولیس نے سندھ بلوچستان کی سرحدی پٹی پر پولیس چوکیاں قائم کرکے جانوروں کو بلوچستان کے شہر جعفرآباد لے جانے روک دیا جس کے بعد بیوپاری مجبور ہوکر جیکب آباد کی مویشی منڈی میں واپس آکر کاروبار کرنے پر کررہے ہیں ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی پر غیر قانونی قبضہ ختم کرایا ہے اب ضلع انتظامیہ کے تحت منڈی چل رہی ہے جبکہ سابق ایم این اے میر بابل خان جکھرانی کا کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ ناجائز ٹیکس وصول کررہی ہے اس لیے ہم بیوپاریوں کے ساتھ ہیں اور ہم اس منڈی میں اپنا کاروبار کرنا نہیں چاہتے مگر پولیس غیر اخلاقی طور پر ہمارے بیوپاریوں کو روک رہی ہے جوکہ غیر قانونی ہے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایم این اے میر اعجاز جکھرانی کے کہنے پر مجھ سمیت میرے بیٹے اور حامیوں کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، میرے بیٹے خالد جکھرانی میرے عزیز واقارب سمیت 32افراد کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ،پی ٹی آئی کے رہنما میر خالدجکھرانی کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت کرنے پر انتقامی کاروائی کی جارہی ہے ہم جھوٹے مقدمات اور گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ضلع انتظامیہ پیپلز پارٹی کے ایم این اے اعجاز جکھرانی کے اشاروں پر ہمارے خلاف کاروائی کررہی ہے اور مویشی منڈی میں غریب بیوپاریوں سے ناجائز ٹیکس وصول کئے جارہے ہیں،واضح رہے کہ مویشی منڈی کے ٹھیکے پر سابق ایم این اے اور ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کے درمیان تنازعہ جاری ہے اور اس تنازعہ کی شروعات اس وقت ہوئی جب میر بابل خان جکھرانی کے اپنے بیٹے پیپلز پارٹی کے ایم این اے میر اعجاز جکھرانی کے ساتھ سیاسی اختلافات شروع ہوئے اور بابل جکھرانی نے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرنے کے بجائے اپنے داماد پی ٹی آئی امیدوار میر راجہ خان جکھرانی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :