گورنرخیبرپختونخوا نے قبائلی علاقہ جات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016-17 کی منظوری دیدی

آئندہ مالی سال میں 997 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں ،جاری منصوبہ جات 773 ،229 نئے منصوبہ جات ہیں نئے ترقیاتی منصوبوں کیساتھ پہلے سے جاری منصوبہ جات کو جلد ازجلد مکمل کیاجائے ،ایسے منصوبے لائے جائیں جس سے حقیقی معنوں میں قبائلی عوام مستفید ہوسکیں،اقبال ظفر جھگڑا

بدھ 29 جون 2016 17:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے قبائلی علاقہ جات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016-17 کی منظوری دے دی ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ پہلے سے جاری منصوبہ جات کو جلد ازجلد مکمل کیاجائے اور ایسے منصوبے لائے جائیں جس سے حقیقی معنوں میں قبائلی عوام مستفید ہوسکیں۔

وہ بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں فاٹاکیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016-17 کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا محمد اسلم کمبوہ سمیت ،پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر سکندرقیوم ، سیکرٹری پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ اینڈلاء اینڈآرڈر شکیل قادر، سیکرٹری سوشل سیکٹر ڈویلپمنٹ فاٹا وقارالحسن، چیف انجینئرفاٹا ، چیف کنزرویٹر فاٹااورفاٹاسیکرٹریٹ کے دیگر انتظامی محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جاری منصوبوں اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کا مجموعی طور پر جائزہ لیاگیا اور ترقیاتی عمل پر اطمینان کا اظہارکیاگیا۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈڈی شکیل قادر نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016-17 کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کا کل بجٹ 18.2 ارب روپے رکھاگیاہے۔ اجلاس کو مزیدبتایاگیا کہ آئندہ مالی سال میں 997 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جن میں سے جاری منصوبہ جات 773 ہیں جبکہ 229 نئے منصوبہ جات ہیں۔

اجلاس کومزیدبتایاگیاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے 14.9 ارب روپے اور نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 3.2 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔گورنرنے اس موقع پر ہدایت کی کہ فاٹامیں ترقیاتی منصوبوں پرکام کی رفتار کو مزید تیز کیاجائے اور منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر اور بدعنوانی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبہ جات متعلقہ علاقوں کی ضروریات اور ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے رکھیں جائیں اور ان کے فوائد سے زیادہ سے زیادہ افراد کو مستفیدکیاجائے۔

گورنرنے مزید ہدایت کی کہ جاری سکیموں کوجلد ازجلد مکمل کیاجائے اور نئے منصوبوں پرکام شروع کیاجائے۔ انہوں نے ہدایت متعلقہ محکموں کے افسران موقع پر جاکر ترقیاتی منصوبوں پرکام کاجائزہ لے اورمعیار اورشفافیت کویقینی بنائیں تاکہ یہ منصوبے بروقت مکمل کیے جاسکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ انتظامی سربراہان تسلسل کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لیں اور ان کی جلد ازجلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔

گورنرنے کہاکہ موجودہ حکومت فاٹا میں ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی اوربحالی سمیت ان علاقوں میں انفراسٹرکچر میں بہتری لانے اور تعمیروترقی کویقینی بنانے کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹاکی تعمیرنو اوربحالی کے عمل کو ہنگامی بنیادوں پر تیز کیاجائے اور متاثرہ علاقوں میں ہسپتال ، سکول، مراکز صحت اور دیگر سرکاری عمارات کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کیاجائے۔