ایل سی سی آئی کا فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا سمیت دیگر صنعتی علاقوں میں گیس کے انتہائی کم پریشر کی شکایات پر تشویش کا اظہار

گیس کے کم پریشر کا مطلب گیس کا دستیاب نہ ہونا ہے،متعلقہ حکام مسئلہ فوری طور پر حل کریں ‘ صدر شیخ محمد ارشد کی فرایا کے نمائندہ سے گفتگو

بدھ 29 جون 2016 17:31

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شیخ محمد ارشد نے فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا سمیت دیگر صنعتی علاقوں میں گیس کے انتہائی کم پریشر کی شکایات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ یہ مسئلہ فوری طور پر حل کریں کیونکہ گیس کے کم پریشر کا مطلب گیس کا دستیاب نہ ہونا ہے۔

فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن (فرایا) کے نمائندہ عدنان خالد بٹ نے لاہور چیمبر کو آگاہ کیا کہ فیروز پور روڈ کے صنعتی علاقہ میں گیس کے کم پریشر کی وجہ سے پیداوار پر بہت منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا کہ اس وقت جب برآمدی ہدف پورا کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، صنعتوں کے لیے گیس کی عدم دستیابی ان میں مزید اضافہ کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیس کے کم پریشر کا مطلب گیس کا نہ ہونا ہے کیونکہ شکایات کے مطابق پریشر اس قدر کم ہوجاتا ہے کہ اس کے ذریعے مشینری چلنا ممکن نہیں رہتا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ گیس صنعتوں کا اہم خام مال ہے جس کے بغیر صنعتی پہیہ رواں رہنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے، رواں مالی سال کے لیے مقررہ محاصل کا بھاری ہدف اسی صورت حاصل ہوسکے گا جب کاروباری برادری برادری اپنا بہترین کردار ادا کرے گی لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ انہیں درپیش مسائل حل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات سے وابستہ صنعتوں کو گیس اور بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ پیداوار بڑھے اور برآمدات میں اضافہ ہو۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ عالمی منڈی میں مدّمقابل ممالک غلبہ پارہے ہیں ، صورتحال کے پیش نظر ہمیں اپنی برآمدات سے وابستہ صنعتوں کے مسائل جلد از جلد حل کرنا ہونگے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ متعلقہ حکام فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا سمیت تمام صنعتی علاقوں میں گیس کے کم پریشر کا نوٹس لیکر یہ مسئلہ فوری حل کریں گے۔