امجد صابری قتل کیس کی تفتیش قدم بہ قدم آگے بڑھ رہی ہے ، واردات کی موبائل ویڈیو تفتیشی حکام کو موصول

ویڈیو میں دہشت گردوں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیوایک شہری کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ کے وقت بنائی گئی تھی سلیم تبلچی کے ٹیسٹ کی ابھی رپورٹ نہیں آئی جس کے بعد ایک بار پھر اسے وائس سٹریس اینالائزر سافٹ ویئر کے حوالے کیا جائے گا، تفتیشی حکام

بدھ 29 جون 2016 17:24

امجد صابری قتل کیس کی تفتیش قدم بہ قدم آگے بڑھ رہی ہے ، واردات کی موبائل ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) امجد صابری قتل کیس کی تفتیش قدم بہ قدم آگے بڑھ رہی ہے ۔ واردات کی موبائل ویڈیو تفتیشی حکام کو موصول ہوگئی ہے ، ویڈیو میں دہشت گردوں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔امجد صابری قتل کیس کی تفتیشی ٹیم کو گزشتہ روز ایک شہری کی جانب سے موبائل فون کی ویڈیو فراہم کی گئی جو اس نے ٹارگٹ کلنگ کے وقت بنائی تھی۔

ذرائع کے مطابق اس ویڈیو سے پولیس کو تفتیش میں کافی مدد حاصل ہونے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب پولیس نے واقعہ کے عینی شاہد سلیم تبلچی کو گزشتہ روز اینٹی کارلفٹنگ سیل لایا گیا جہاں اس کا جھوٹ پکڑنے والی مشین کی مدد سے ایک بار پھر بیان لیا گیا اور واقعہ کے حوالے سے مکمل معلومات لی گئیں۔جدید ٹیکنالوجی کے حامل پولی گرافک ٹیسٹ کے دوران بیان ریکارڈ کرانے والے کی دل کی دھڑکن اور آواز میں آنے والے اتار چڑھا کو مانیٹر کیا جا سکتا ہے جس سے ماہرین یہ اندازہ لگاتے ہیں کہ بیان سچ پر مبنی ہے یا جھوٹ ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیم تبلچی کے ٹیسٹ کی ابھی رپورٹ نہیں آئی جس کے بعد ایک بار پھر اسے وائس سٹریس اینالائزر سافٹ ویئر کے حوالے کیا جائے گا اور دوبارہ اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا جس کے بعد سلیم کے بیان کے بارے میں پولیس کسی حتمی نتیجے پر پہنچ پائیگی ۔