وزیراعظم محمد نواز شریف نے افغان مہاجرین کی پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع دیدی

اسحاق ڈار، سرتاج عزیز سے ملاقاتوں میں خیبرپختونخوا میں افغان مہاجرین کیساتھ پولیس کے ناروا رویئے بارے بات کی ہے، عمر زاخیل وال افغان سفیر

بدھ 29 جون 2016 17:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے لندن سے پاکستانی حکام کو افغان مہاجرین کی پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع دیدی ہے تاہم مدت کے تعین کا حتمی فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں کیا جائیگا افغان مہاجرین کے پاکستان میں کارڈ کی مدت 30 جون کو ختم ہو رہی ہے، افغان سفیر عمر زاخیل وال نے اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔

29 جون ۔2016ء کو بتایا کہ پاکستانی وزیراعظم نے بدھ کو لندن سے پاکستانی حکام کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اس فیصلے سے اب مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے دونوں ممالک اور بین الاقوامی برادری کیساتھ بنیادی فیصلے ہونے چاہئیں ، افغان سفیر نے بدھ کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز کیساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں، افغان سفیر نے کہا کہ ملاقاتوں میں انہوں نے خیبرپختونخوا میں افغان مہاجرین کیساتھ پولیس کے مبینہ ناروا رویئے کے حوالے سے بات چیت کی، انہوں نے کہا کہ ملاقات کا اہم موضوع تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ تھا، انہوں نے کہا کہ انہوں نے افغان تجارتی سامان کو واہگہ سرحد کے راستے اٹاری تک لے جانے کی اجازت دینے کا معاملہ بھی اٹھایا۔

(جاری ہے)

زاخیل وال نے کہا کہ پاکستانی وزیر خزانہ نے اس سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے، سرتاج عزیز سے ملاقات کے حوالے سے افغان سفیر نے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد تاشقند میں پاک افغان صدور اور دیگر رہنماؤں کی ہونیوالی ملاقاتوں کا تسلسل تھا، انہوں نے کہا کہ تاشقند کی ملاقاتوں میں دو طرفہ معاملات پر مذاکرات کیلئے ایک میکانزم پر اتفاق ہوا تھا ، دریں اثناء افغان سفیر نے اپنی رہائشگاہ پر پشتون رہنماؤں کیساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی، ملاقات کرنیوالوں میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی، قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیر پاؤ، عوامی نیشنل پارٹی کے افراستیاب خٹک ، سابق سفیر ایاز وزیر ، سابق گورنر شوکت خان شامل تھے۔