کمشنر لاہور ڈویژن کا اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار

بدھ 29 جون 2016 17:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبد اللہ خان سنبل نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ موسم برسات کے دوران تعمیراتی کام والے علاقوں سے جلد نکاسی آب ممکن بنانے کے لئے تمام ضروری اقداما ت کئے جائیں اور منصوبے کے زیر زمین حصے پر اس مقصد کے لئے خصوصی توجہ دی جائے ، تعمیراتی کام کے لئے طے شدہ سیفٹی سٹینڈرڈز کی سختی سے پابندی کی جائے اور حفاظتی تدابیر پر نہ صرف سختی سے عمل درآمد کیا جائے بلکہ انہیں مزید بہتر بنایا جائے ۔

وہ گزشتہ روزاورنج لائن منصوبے پر جاری کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کا36فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا41فیصد ‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا34.5فیصد ‘پیکیج تھری سٹیبلینگ یارڈ کا31فیصد جبکہ پیکیج فور ڈپو کی تعمیر کا.8 29فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے اور اسے شیڈول کے مطابق سال رواں کے آخر تک مکمل کرنے کے لئے تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ ریلوے کی طرف سے جی ٹی روڈ پر انجینئرنگ یونیورسٹی کے بالمقابل سب سٹیشن کی تعمیر کے لئے اراضی کا قبضہ دو روز میں ایل ڈ ی اے کے حوالے کر دیا جائے گا ۔ پیکج ون کے مختلف سیکشنز پر تعمیراتی کمپنی ڈیرہ گجراں سے یو ای ٹی تک مختلف مقامات پر سڑکیں دوبارہ تعمیر کر رہی ہے ۔ باغبانپورہ ‘ اسلام پارک ‘سلامت پورہ اور یو ای ٹی سمیت اہم سیکشنز پر نئے سرے سے سڑکوں کی تعمیر تسلی بخش طور پر جاری ہے ۔

اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ ایم ڈی واسا چودھری نصیر احمد‘ نیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر متعلق محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور منصوبے کے کنٹریکٹرز نے بھی شرکت کی ۔