پرانے قوانین کو جدید دور کے نئے قوانین سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے ‘ لاہور ہائیکورٹ

بدھ 29 جون 2016 17:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں پر پی ٹی وی کی فیس وصولی کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا کہ ملک میں ایسا کوئی قانون ہی موجود نہیں جس کے تحت بجلی کے بلوں پر پی ٹی وی کی فیس وصول کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

پی ٹی وی غیر قانونی طور پر فی گھرانہ پینتیس روپے فیس وصول کر رہا ہے۔پی ٹی وی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ٹی وی 1970ء کے ٹیلی گراف اینڈ وائرلیس ایکٹ کے تحت ٹی وی کی فیس وصول کرنے کا مکمل اختیار رکھتا ہے۔یہ پی ٹی وی دیکھنے کی فیس نہیں بلکہ اینٹینا کے ذریعے کنیکٹ ہونے والے ٹی وی کی مد میں وصول کی جاتی ہے ،قانون کے تحت یہ ٹی وی کی لائسنس فیس ہے جو پی ٹی وی وصول کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 1970ء میں نہ تو نجی چینلز موجود تھے،نہ ہی موبائل،لیپ ٹاپ اور آئی پیڈ موجود تھے ،عدالت اس بات کا جائزہ لینے کا اختیار رکھتی ہے کہ 1970ء کے پرانے قوانین کا 2006 ء میں اطلاق کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔عدالت نے کہاکہ پرانے قوانین کو جدید دور کے نئے قوانین سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے،صرف ٹی وی پر فیس کی وصولی امتیازی سلوک کے مترادف ہے ۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20ستمبر تک ملتوی کر دی۔