سی پی ایل ،چار پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل مالکان کی ٹیموں میں کھیلیں گئے

سہیل تنویر، شعیب ملک، عمراکمل اور عماد وسیم کو کیرئیبین لیگ میں بھارتی مالکان نے خریدا

بدھ 29 جون 2016 15:59

سی پی ایل ،چار پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل مالکان کی ٹیموں میں کھیلیں ..

باربڈوس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) بھارتی کرکٹ حکام کے دبا ؤپر انڈین پریمیئرلیگ(آئی پی ایل)میں پاکستانی کھلاڑیوں کو نہ خریدنے والے فرنچائز مالکان نے ہندوستانی حدود سے باہر پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیموں کے لیے خرید لیا ہے۔ہندوستانی کرکٹ کے سرمایہ کار کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں بھی شامل ہیں جہاں انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کسی قسم کی ناپسندیدگی کا اظہار نہیں کیا۔

گزشتہ روز سے شروع ہونے والی لیگ میں انڈین فرنچائز مالکان نے بولی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کو بھی شامل کیا ہے۔رواں سال فروری میں منعقدہ نیلامی میں چار پاکستانی کھلاڑیوں سہیل تنویر، شعیب ملک، عمراکمل اور عماد وسیم کو خریدا گیا۔پاکستانی کھلاڑیوں کو خریدنے والی چاروں ٹیموں کی جڑیں بھارت سے ملتی ہیں۔

(جاری ہے)

عمر اکمل اور شعیب ملک کے فرنچائز مالکان کے پاس آئی پی ایل کی بھی دو ٹیمیں ہیں۔

سی پی ایل میں بڑے پیمانے پر ہندوستانی سرمایہ کاری گزشتہ سال دیکھنے میں آئی تھی جب ہندوستان کی سب سے بڑی موٹرکمپنی ہیرو موٹو کارپوریشن لمیٹڈ نے لیگ کے ساتھ ٹائٹل اسپانسرشپ معاہدہ کیا تھا جس کو اب 2018 تک وسعت دی گئی ہے۔شعیب ملک بارباڈوس ٹریڈنٹ کے لیے کھیلیں گے جس کو اس سال ہندوستانی ارب پتی وجے مالیا نے خریدا ہے۔ یاد رہے اس سے قبل وہ آئی پی ایل میں ویرات کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم کے مالک تھے اور تاحال اس کے سرپرست ہیں دوسری جانب افواہیں گردش کررہی ہیں کہ مالیا نے ممبئی انڈینز کی مالک نیتا امبانی کو فرنچائز دوبارہ فروخت کی تھی جب سے ہندوستانی بینک 90 ارب ہندوستانی روپے کی عدم ادائیگی پر ان کا پیچھا کررہے ہیں۔

اس کا مطلب یہی ہوا کہ شعیب ملک آئی پی ایل فرنچائز کے مالک کے لیے کھلیں گے جن کے شوہر ارب پتی مکیش امبانی ہیں جو 20.3 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ ہندوستان کے امیر ترین شخص ہیں۔عمراکمل ٹرینباگو رائیڈرز کی جانب سے کھیلیں گے جس کے شریک مالک شارخ خان، صنعت کار جے مہتا،ان کی بیگم اور اداکارہ جوہی چالہ ہیں۔سی پی ایل میں شامل تیسرے پاکستانی عماد وسیم کو 2013 کے پہلے ایڈیشن کی چمپین ٹیم جمیکا ٹالواز نے حاصل کیا ہے جس کے مالک دو ہندوستانی نژاد امریکی منیش پٹیل اور رون پاریکھ ہیں۔

اتفاقی طورپر ہولی ووڈ اسٹار گیراڈ بٹلر کا بھی کچھ حصہ بھی جمیکا ٹالواز میں شامل ہے۔سہیل تنویر گیانا امیزون ٹریڈنٹ کے لیے کھیلیں گے جس کے مالک رانجی سنگھ رامروپ بھی ہندوستانی ہیں جو گیانا کے بڑی کاروباری شخصیت ہیں۔